اشیائے خوردو نوش ملکی ضروریات پوری کرکے ایکسپورٹ کی جائیں : مولانا فضل الرحمن بن محمد
لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، معروف دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف ، اور جامع محمدی سنت نگر فردوس پارک کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ ملکی حالات کے پیش نظر ہر شعبہ زندگی میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ضرورت ہے تب ہی اس بے یقینی اور مایوسی کی کیفیت سے نکلا جا سکتا ہے۔ ملکی پیداوار اور اشیائے خوردونوش ملکی ضروریات پوری کرکے ایکسپورٹ کی جانی چاہیں۔ اسی طرح بغیر کسی ضرورت امپورٹ پر پابندی عائد کی جائے۔ وزیروں، مشیروں اور سرکاری افسران کی تنخواہیں اور بے دریغ مراعات پر نظر ثانی کرکے انہیں سادگی اور اعتدال کے دائرے میں لایا جائے اور یہ سلسلہ اوپری سطح سے شروع ہونا چاہیے وہ طبقہ جو پہلے ہی مراعات یافتہ ہے انہیں مزید نوازنے کی ضرورت نہیں ہے اسی طرح بے تکے اور فضول اخراجات کی ہر محکمے میں حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔ قومی اور ملکی سطح پر سادگی اپنانے کی ترغیب دلانے کی اشد ضرورت ہے۔ ناجائز منافع خوری کے خلاف اقدامات کرنے سے مہنگائی کے آگے بند باندھ کر متوسط طبقے کی اشک شوئی کی جائے تاکہ یہ پسا ہوا طبقہ بھی آسان زندگی گزارنے کے قابل ہو سکے۔