• news

15جنوری کو کراچی میں بلدیاتی الیکشن عمران نے دہشتگردوں کو کھڑاکیا پی پی ملک بچائے گی بلاول



کراچی (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، ہم سلیکٹڈ راج کے خلاف نکلے تھے، سلیکٹڈ کو گھر بھیجنا کارکنوں کی جیت ہے۔ عوام کی طاقت نے سلیکٹڈ کا صحیح بندوبست کیا‘ آئینی راستہ اخیتار کرتے ہوئے عدم اعتماد کے ذریعے وزیراعظم کو گھر بھیجا، عوام کی طاقت نے پرویز مشرف کو بھگوڑا بنا دیا۔ پہلے مشرف کو بھگایا پھر کٹھ پتلی کو نکالا، عوام نے سلیکٹڈ کو ایسے نکالا کہ 6 ماہ بعد بھی بنی گالہ سے چیخیں نکل رہی ہیں جب بھی مقابلہ ہو گا جیت سچ کی ہو گی۔ اس وقت ملک مشکل میں ہے، عمران خان کی سیاست نے جمہوریت‘ معیشت کو نقصان پہنچایا۔ پیپلز پارٹی نے ماضی میں بھی مشکلات کا سامنا کر کے ملک کو بچایا۔ مستقبل میں بھی پی پی ملک کو بچائے گی، جب بھی مقابلہ ہو گا سلیکٹڈ کو شکست ہو گی۔ جمہوریت پسند قوتوں کی فتح ہو گی، مقابلہ ہو گا تو جیت امید کی ہو گی شکست نفرت کی سیاست کی ہو گی۔ 2018ء کے الیکشن میں کچھ لوگوں کو مسلط کیا گیا تھا‘ کپتان ڈر گیا ہے سپیکر کے پاؤں پکڑے جاتے ہیں کہ ان کے استعفے قبول نہ کرو۔ کپتان کہتا ہے ہمارے اراکین کے استعفے قبول کرو ہم نے کہا کہ لانگ مارچ کریں گے اور عمران خان کو گھر بھیجیں گے۔ ہم نے عمران خان کو گھر بھیج کر دکھایا، ہم یہ نہیں دیکھتے کہ کہاں سے پی پی جیتی ہم بلاتفریق کام کرتے ہیں۔ سندھ کا وزیراعلیٰ کراچی کا بھی وزیراعلیٰ ہے۔ 15 جنوری کو کراچی میں بلدیاتی الیکشن ہو گا، پورا کراچی الیکشن کیلئے تیار ہے۔ چاہتے ہیں کراچی میں مقامی حکومت کی نمائندگی ہو‘ الیکشن کا موقع چھیننے کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ کراچی‘ حیدر آباد بلدیاتی الیکشن جو بھی جیتے ہم تسلیم کریں گے۔ کراچی کے لوگ الیکشن مہم چلاتے چلاتے تھک گئے ہیں۔ کراچی کا اگلا میئر اسی میدان میں بیٹھا ہے۔ کراچی کا میئر پی پی کا ہو گا ہمیں پتہ ہے کہ ملک میں مہنگائی ہے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی اور جیالوں نے دشہت گردی کا مقابلہ کیا‘ جیالوں کی شہادتوں کی وجہ سے دہشت گردی کو شکست ہوئی۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فوج اور پولیس کے علاوہ بچوں نے قربانیاں دیں۔ بے نظیر کی شہادت کے بعد پی پی کی حکومت بنی بے نظیر بھٹو دہشت گردوں کا مقابلہ کرنے کیلئے واپس آئی تھیں ہم آج بھی دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔ ماضی میں بھی دہشت گردی کا مقابلہ کیا عمران خان نے ملک کے شہداء کے لہو کا سودا کیا ہم نے ہمیشہ لسانیت سمیت ہر قسم کی دہشت گری کا مقابلہ کیا۔ عمران خان نے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیلا اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا۔ عمران خان نے معاشی بحران پیدا کیا‘ بوجھ عام آدمی اٹھا رہا ہے جو دہشت گرد شکست کھا کر بیٹھے تھے عمران خان نے ان کو کھڑا کیا یہ ان کا سب سے بڑا گناہ ہے۔ عمران خان نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے قریب دھکیلا‘ دہشت گردوں کو رہا کر کے قبائلی علاقوں میں بٹھا دیا گیا ہمیں امپورٹڈ کہنے والے نے دہشت گردی کو امپورٹ کیا‘ دہشت گردوں کو جیلوں سے باہر نکالا انہیں واپس بلا کر مہمان نوازی کی گئی۔ اے پی ایس حملے میں ملوث دہشت گرد جیل سے آزاد ہو کر ترکیہ میں بیٹھ کر لیکچر دے رہا ہے۔ ملک کی سکیورٹی پر کیسے سمجھوتہ کیا جا سکتا ہے؟ ہم دہشت گردی کا مقابلہ کرنا جانتے ہیں۔ ملک کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ دہشت گردوں کو شکست دیں گے۔ ہمارے پاس وسائل کم ہیں لیکن دہشت گردوں کا مقابلہ کر کے انہیں شکست دیں گے۔ ماضی میں بھی ان دہشت گردوں کا مقابلہ کیا دہشت گردوں کو شکست دیکر امن قائم کریں گے۔ ہم اپنے ملک کے امن کیلئے کوئی سودا نہیں کریں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں 15 روز رہ گئے جیالے زیادہ محنت کریں کراچی کا اگلا میئر جیالا ہو گا۔ بلدیاتی الیکشن جیتنے کے بعد ہم کے ایم سی کے ہسپتالوں کی حالت بہتر کریں گے۔ کراچی میں کچرا اٹھانے کی صورتحال پہلے سے بہتر ہے۔ کراچی کے شہریوں کیلئے ٹرانسپورٹ فراہم کر رہے ہیں۔ الیکشن کمشن کی پابندی کی وجہ سے انتخابی مہم نہیں چلا سکتا آپ لوگوں نے محنت کرنی ہے ہم الیکشن کمشن اور قانون کا احترام کرتے ہیں۔
بلاول       

ای پیپر-دی نیشن