• news

 دعا ہے نیا سال پاکستان کیلئے خوشحالی لائے وزیر اعظم


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عیسوی سال 2023ء کے آغاز پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ میں سال 2023ء کے آغاز پر پوری پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ نئے سال کے آغاز پر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ اس سال کو پاکستان، پاکستانی قوم، عالم ِ اسلام اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت بنائے اور دنیا کو امن و آشتی اور ترقی وخوشحالی نصیب فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پاکستانی قوم کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا۔ پاکستان کو آج مختلف معاشی مشکلات، سیاسی  عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال، دہشتگردی کی دوبارہ سراٹھاتی عفریت، موسمیاتی تبدیلیوں، غربت اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ نئے سال میں ہمیں قوم کو درپیش ان  مسائل پر قابو پانے کیلئے بحیثیت قوم اپنی ترجیحات کا  درست طور پر تعین کرناہے۔ ہمیں ملک کو ایک خوشحال، ترقی یافتہ، جمہوری اور مستحکم ملک بنانے کیلئے قومی یکجہتی، اتحاد، نظم و ضبط، مسلسل محنت، جذبے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہے۔ نیا سال اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے جمہوری اداروں کی فعالیت، اثر انگیزی اور کارکردگی میں اضافہ یقینی بنائیں۔ ہمیں اپنے اداروں کی کاردکردگی میں اضافے کیلئے متعلقہ قوانین اور قواعدوضوابط میں اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ملکی ترقی کیلئے اس سال تمام سٹیک ہولڈرز کو آئین کی پاسداری، انصاف کی فراہمی، شفافیت،  کارکردگی میں اضافے، میرٹ کی پابندی اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے  کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات لینا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سیلاب زدگان کی مکمل بحالی اور معاشرے کے کمزور طبقات کو غربت سے نکالنے کیلئے  اپنی کوششیں تیز تر کرنا ہوں گی۔ خواتین کی معاشرے‘ کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں شمولیت کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سالِ نو 2023ء کے آغاز کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر میں پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ میری یہ دعا ہے کہ 2023ء کا سورج ہمارے ملک پاکستان کیلئے ترقی اور خوشحالی کی خوشخبری لے کر طلوع ہو۔  نئے سال میں ہماری انفرادی اور اجتماعی زندگیوں میں گزشتہ سال کی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئی شروعات ہو جس میں ہم ماضی کے غموں کو بھلا کر ایک نئے اور روشن مستقبل کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ میری یہ بھی دعا ہے کہ 2022ء میں دنیا کو جن معاشی، سیاسی اور امن و امان کے بحرانوں کا سامنا رہا، نئے سال میں ان پر قابو پانے کیلئے مثبت پیش رفت ہو۔ نیا سال پاکستان سمیت پوری دنیا سے بھوک، جنگ، دہشتگردی، جرم، فرقہ واریت اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔ گزشتہ سال وطنِ عزیز کو متعدد مشکلات کا سامنا رہا۔ پاکستان کی معیشت اور عوام کے وسیع تر مفاد میں جب ہم نے آئینی راستہ اپناتے ہوئے حکومت سنبھالی تو ملک میں آئینی بحران اور افراتفری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ملکی معیشت کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کیلئے اتحادی حکومت نے ملکی سلامتی کیلئے اپنی سیاست قربان کرتے ہوئے حالات پر قابو پانے کیلئے شبانہ روز محنت کی اور اللہ کے فضل و کرم سے ہم اس میں کافی حد تک کامیاب ہوئے۔ اسی دوران موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ملک میں بدترین سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے سینکڑوں لوگ لقمہ اجل بنے۔ ہزاروں زخمی ہوئے، مجموعی طور پر 3 کروڑ سے زائد لوگ اس سے متاثر ہوئے اور مالی اعتبار سے پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔ سیلاب زدگان کی مدد کی نگرانی میں نے خود بطور خادمِ پاکستان کی اور غموں میں گھرے لوگوں کے پاس جا کر ان کے درد کو کم کرنے کی کوشش کی۔ مجھ سمیت اتحادی حکومت کے ہر عہدیدار نے دنیا کے کونے کونے میں سیلاب زدگان کی پکار پہنچائی۔ میں نئے سال کا آغاز پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری، سیلاب زدگان کی بحالی، دہشتگردی کے خاتمے اور عوام کی تکلیفوں میں کمی کیلئے شبانہ روز محنت کے عہد سے کر رہا ہوں۔ 2023ء میں ہم سب کو مل کر پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور امن و آشتی کا گہوارہ بنانا ہے۔ آئیں، نئے سال کے آغاز میں ہم یہ وعدہ کریں کہ اس ملک کو قائد اعظم اور علامہ اقبال کے پاکستان بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ یہ ملک ہماری پرکھوں کی امانت ہے، ہم اس کی حفاظت اور تعمیر و ترقی میں اپنا خون پسینہ ایک کریں گے۔
صدر/ وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن