خطرناک گینگز ، عادی مجرمان ‘ منظم گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن سخت کرنے کا حکم
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے کہا ہے کہ سالِ نو میں صوبے کے تمام اضلاع میں جرائم پیشہ عناصر بالخصوص خطرناک گینگز ، عادی مجرمان اور منظم گروہوں کیخلاف کریک ڈاؤن کو مزید سخت کیا جائے۔ صوبہ بھر میں منظم جرائم کے خاتمے کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جائیں اور زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت سماج دشمن عناصر کو پابند سلاسل کیا جائے۔ سٹریٹ کرائم سمیت ڈکیتی ، رابری ، قتل اور اغواء جیسے سنگین جرائم میں ملوث عادی و پیشہ ور مجرمان کو قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ بڑے شہروں میں گاڑی و موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث منظم گروہوں کا خاتمہ کیا جائے۔ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لانے کے بعد مقدمات کے تفتیشی مراحل کو جلد از جلد مکمل کرتے ہوئے قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں 2022 میں پولیس کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے افسران کو جاری کیں۔پولیس ترجمان کے مطابق سال 2022 کے دوران صوبہ بھر میں 1247212 افراد کے خلاف 756738 ایف آئی آرز درج ہوئیں۔