پی سی بی نت ڈیپارٹمنٹل کر کٹ بحال کر دی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈیپارٹمنٹل، ریجنل اور ایسوسی ایشنز کرکٹ بحال کرنے کا اعلان کر دیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ نجم سیٹھی نے کہا کہ 192 کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ بحال کر دیئے گئے ہیں، ایسوسی ایشن کے تمام پرانے عہدیداروں کو ہائی پرفارمنس سنٹر میں دعوت دی گئی ہے، ایسوسی ایشن کے عہدیداران ہمیں مستقبل کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا شاہد آفریدی اور ہارون الرشید سے رابطہ کیا گیا ہے جو وکٹ بنوانے کیلئے کراچی میں موجود ہیں، ہم نے کراچی کے کیوریٹر سے بھی رابطہ کیا ہے۔چکوال سے کیوریٹر محمد اشرف کو بھی بلایا گیا ہے جو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے لئے وکٹ تیار کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے غیرملکی کوچز کی تقرری، پی سی بی ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی اور پاکستان جونیئر لیگ کو ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس کے بعد نجم سیٹھی نے کہا کہ کوئٹہ میں پی ایس ایل کے میچز کرانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے، صحافیوں کے بارے میں رمیز راجہ کے بیانات پر دکھ ہوا، میں نے سابق چیئرمین کے الزامات کا جواب نہ پہلے دیا ، نہ اب دوں گا۔ قومی ٹیم کیلئے غیر ملکی کوچز کی تقرری کی منظوری لے لی ہے، گزشتہ دور پر احتساب کریں گے تو اسے انتقامی کارروائی قرار دیا جائیگا، ڈائریکٹر ایچ آر سرینا آغا نے استعفیٰ دیا ، ہم نے قبول کر لیا ہے۔نجم سیٹھی نے واضح کیا کہ پی سی بی میں بھاری تنخواہیں برداشت نہیں کر سکتے، ان میں لازمی کمی کریں گے، ملازمین کو کہہ دیا ہے کہ جسے تنخواہ میں کٹوتی قبول نہیں وہ استعفیٰ دے کر گھر جاسکتا ہے۔پی ایس ایل کے میچز کوئٹہ میں کرانے کے بارے میں ہوم ورک شروع ہوچکا ہے۔ بگٹی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام شروع ہوچکا ہے۔ اگر پی ایس ایل تک سٹیڈیم تیار نہ ہوا تو پھر پشاور اور کوئٹہ کا بگٹی سٹیڈیم میں نمائشی میچ منعقد کیا جائیگا۔