لاہور ہائیکورٹ نے ڈیڑھ لاکھ‘ ضلعی عدلیہ نے 27 لاکھ مقدمات نمٹائے
لاہور (سپیشل رپورٹر) سال 2022 میں لاہور ہائیکورٹ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد مقدمات جبکہ ضلعی عدلیہ میں 27 لاکھ سے زائد فوجداری و سول مقدمات نمٹائے گئے ہیں تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں 1 لاکھ 56 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کئے گئے جن میں سے لاہور پرنسپل سیٹ پر 89 ہزار 509 مقدمات کے فیصلے ہوئے جبکہ ملتان بنچ پر 38 ہزار 333، بہاولپور بنچ پر 17 ہزار 821 اور راولپنڈی بنچ پر 10 ہزار 687 مقدمات کے فیصلے ہوئے ہیں فیصلہ شدہ مقدمات میں مجموعی طور پر 52 ہزار سول مقدمات، 38 ہزار کے قریب فوجداری مقدمات اور 85 ہزار سے زائد رٹ درخواستیں شامل ہیں جنوری تا دسمبر تک لاہور ہائیکورٹ میں 1 لاکھ 48 ہزار نئے مقدمات بھی دائر ہوئے ہیں چیف جسٹس محمد امیر بھٹی کی ہدایات پر پنجاب کی ضلعی عدلیہ میں ریکارڈ 27 لاکھ 57 ہزار سے زائد مقدمات نمٹائے گئے۔ اعدادوشمار کے مطابق ضلعی عدلیہ میں 5 لاکھ 18 ہزار سے زائد سول، 2 لاکھ 81 ہزار سے زائد فیملی، 37 ہزار سے زائد مرڈر و سیشن مقدمات اور 5 لاکھ 90 ہزار کے قریب مجسٹیریل ٹرائلز کے فیصلے ہوئے ہیں۔ جبکہ سال 2022 میں 27 لاکھ 13 ہزار کے قریب نئے مقدمات بھی دائر ہوئے ہیں جبکہ ضلعی عدلیہ میں زیرالتوائمقدمات کی تعداد 12 لاکھ 63 ہزار ہے مزید برآں پورے سال میں صوبائی خصوصی عدالتوں اور ٹریبونلز میں مجموعی طور پر 78 ہزار کے قریب مقدمات کے فیصلے کئے گئے۔