• news

پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا ماٹو عیاشیاں‘ عوام کی زندگی اجیرن بنانا ہے: سراج الحق

اسلام آباد (خبر نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کا ماٹو خود عیاشیاں اور عوام کی زندگی کو اجیرن بنانا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستانی عوام کی محرومیوں کی ذمہ دار 14 حکمران پارٹیوں کے تعاقب میں ہے۔ حکمرانوں کی بے حسی کی وجہ سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں انسان اور حیوان کے درمیان امتیاز ختم ہو چلا۔ وقت نے ثابت کیا کہ پی ٹی آئی ہو، پیپلز پارٹی ہو یا مسلم لیگ ان میں کوئی فرق نہیں، سب نا اہل وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کی جماعتیں ہیں۔ جو مل کر پاکستان کی معیشت، سیاست اور معاشرت کو تباہ کر رہی ہیں۔ وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں شامل تمام پارٹیاں عوام کی مجرم ہیں، اب صرف جماعت اسلامی ہی قرآن و سنت کے نظام کے ذریعے خوشحالی لا سکتی ہے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انہوں نے دھابیجی و گھار میں عوامی استقبال و میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت بھی کی جبکہ گلشن حدید کراچی میں جماعت اسلامی ضلع ملیر کے تحت مقامی ہوٹل میں بلدیاتی نمائندوں اور ذمہ داران کی نشست سے خطاب بھی کیا۔ امیر جماعت کا ٹھٹھہ پہنچنے پر فقید المثال استقبال کیا گیا۔ سراج الحق کو سندھ کا روایتی تحفہ اجرک پیش کیا اور گاڑیوں کے جلوس میں جلسہ گاہ لایا گیا۔ جلسہ عام سے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، امیر صوبہ سندھ محمد حسین محنتی، صدر جے آئی یوتھ سندھ امتیاز احمد پالاری، درگاہ مٹیاری کے سجادہ نشین پیر غلام مجدد سرہندی، سندھ ملاح فورم کے نائب صدر ڈاڈا آدم گندرو اور امیر ضلع الطاف احمد ملاح نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ علم و اولیاء کے اس شہر کو منشیات فروشی کا اڈہ بنا دیا گیا۔ پیپلز پارٹی کے ظالم جاگیر داروں اور وڈیروں کا جتھا یہاں مسلط ہے جو غریب عوام کو دبا کر رکھے ہوئے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن