عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا مشن نئے سال میں پرانی عادتیں بھول کر محبتیں بانٹیں: پرویز الہی
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے وزیراعلیٰ آفس میں رکن قومی اسمبلی ملک عمر اسلم خان نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف 5 ماہ میں 5برس سے زیادہ کام کیا، تبدیلی واضح نظر آرہی ہے۔ عام آدمی کی فلاح عزیز ہے، نئی قانون سازی کا مقصد گڈ گورننس کو یقینی بنانا ہے۔ عوام کے مسائل اورضروریات کو مدنظر رکھ کرفیصلے کرتے ہیں۔ہمارا عزم عوام کی سچی خدمت ہے۔ زندگی کا مشن عوام کیلئے آسانیاں پیدا کرنا اور سہولتیں دینا ہیں۔ مل جل کر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خوشاب سمیت پنجاب کے دور دراز علاقوں میں حقیقی ترقی شروع ہوچکی ہے۔ پسماندہ اور نظر انداز کردہ علاقوں کو مساوی ترقی دی جارہی ہے۔ ترقیاتی منصوبے ارکان اسمبلی کی مشاورت سے تشکیل دئیے گئے ہیں۔ سابق دور میں عوام کے لئے ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ پہلے کی طرح اب بھی عوامی خدمت کا ریکارڈ قائم کریں گے۔ چودھری پرویزالٰہی نے سال نو پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 2023ء پاکستانی قوم کے لئے عزم نو کی نوید ہے۔ نئے سال میں پرانی عداوتیں بھول کر محبتیں بانٹیں۔ دعا ہے کہ نیا سال وطن عزیز میں معاشی، سیاسی استحکام اور خوشحالی لائے۔ چودھری پرویزالٰہی آج اپر مال پر ڈاکٹر کامران چیمہ کی رہائش گاہ گئے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے ڈاکٹر کامران چیمہ سے ان کے والد خالد محمود چیمہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
پرویزالٰہی