شہباز زرداری رابطہ : عوام کو مشکلات سے نکالنے کا عزم
لاہور+اسلام آباد (نیوز رپورٹر +خبرنگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کی خیریت معلوم کی اور ایک دوسرے کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ شہباز شریف اور آصف زرداری نے فون پر ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کی۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ دونوں رہنماؤں میں پنجاب کی سیاسی صورت حال اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعتماد کے ووٹ سے متعلق بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں نے سیاسی صورتحال پر بات چیت کی‘ وزیراعلیٰ پنجاب کے متوقع اعتماد کے ووٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری طرف وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 2022 پاکستان کیلئے ایک اور مشکل سال رہا ہے۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ تاریخ کے تباہ کن سیلاب کے باعث ہمارے معاشی چیلنجز میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نئے سال کے دوران میں اپنی استعداد اور وقت سے عوام کو مشکلات سے نکالنے، متاثرین سیلاب کی بحالی اور پاکستان کو ترقی اور استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ مزید براں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بنوں میں سکیورٹی آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سپاہی محمد وسیم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم کی ہمدردیاں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ افواج پاکستان کے جوانوں کی ملک کی حفاظت کی خاطر قربانیاں نا قابلِ فراموش ہیں، اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہید کو بلند درجات اور ان کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں شہید کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ اے پی پی کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ممبر پنجاب اسمبلی ملک غلام قاسم ہنجرا اور چودھری اشرف علی انصاری نے ملاقات کی ہے جس میں پنجاب کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اے پی پی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سال 2022 ء میں ایک تہائی پاکستان نے موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بھاری قیمت ادا کی۔ اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کا ذمہ دار نہ ہونے کے باوجود بھی پاکستان کو بھاری قیمت چکانا پڑی۔ انہوں نے کہا کہ ان شاء اللہ پوری پاکستانی قوم یکجا ہو کر بھرپور قوت کے ساتھ ان موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرے گی۔
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج سہ پہر وزیراعظم ہائوس میں دوبارہ ہوگا۔ جمعہ کو ہونے والے اجلاس میں زیرغور آنے والی تجاویز پر اہم فیصلے متوقع ہیں۔ اجلاس میں عسکری اور سول حکام شرکت کریں گے۔ حساس اداروں کے حکام ملک کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیںگے۔ ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی ملکی معیشت اور سلامتی پر واضح گائیڈ لائن کی منظوری دے گی۔ اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیوں کی منظوری بھی لی جائے گی۔ اجلاس میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے نیا آپریشن پلان بھی پیش کئے جانے کا امکان ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی