سٹاپ اینڈسرچنگ :2لاکھ50 ہزارسے زائد اشخاص کی چیکنگ
لاہور(نامہ نگار)ایس پی توقیر نعیم نے ڈولفن سکواڈ اور پولیس ریسپانس یونٹ کی گزشتہ ہفتے کی کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہیلپ لائن پرموصول1472کالزپر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ سٹاپ اینڈسرچنگ کے دوران2لاکھ50 ہزارسے زائد اشخاص کی چیکنگ عمل میں لائی گئی جبکہ چوری وڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث30ملزمان گرفتارکئے گئے۔ملزمان کے قبضہ سے 8 موٹر سائیکلیں، 4 موبائل فون اورہزاروں روپے نقدی برآمدکی گئی۔اسلحہ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے15پستول، 5رائفلیں،میگزین اورمتعددگولیاں قبضہ میں لی گئیں۔
منشیات کے خلاف کارروائی کے دوران58بوتلیں شراب،1 کلوچرس و ہیروئن برآمد کی گئیں۔ دورانِ پٹرولنگ40 اشتہاری،42عادی مجرمان گرفتار جبکہ60عدالتی مفروران بھی حراست میں لئے گئے۔دورانِ پٹرولنگ کوائف کی تصدیق نہ ہونے پر248اشخاص کے خلاف قانونی کارروائی کی گئی۔ ون ویلنگ میں ملوث24جبکہ پتنگ بازی میں ملوث10،ہوائی فائرنگ کرنیوالے 6 ملزمان بھی گرفتارکئے گئے۔