الیکشن میں تاخیر سے ملک کے گھمبیر چیلنجز مزید بڑھتے جائینگے، ہمایوں اختر
لاہور(نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا کہ عام انتخابات میں جتنی تاخیر ہو گی ملک کے گھمبیر چیلنجز مزید بڑھتے جائیں گے،حکومت عام انتخابات کی تاریخ اور فریم ورک طے کرنے کی طرف سنجیدگی سے پیشرفت کرے تو یقینا بات چیت آگے بڑھ سکتی ہے ،عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف نے 6فیصد ترقی پر ملک چھوڑا تھا ، اس وقت پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب بڑی نمائندہ جماعت ہے اس لئے ہمیں موجود ہ نازک صورتحال پر زیادہ تشویش لا حق ہے۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ میں 80ء کی دہائی سے سیاست میں ہوں اور انتخابی سیاست میں حصہ لے رہا ہوں ۔ہر بار عام انتخابات سے پہلے یہی شوشہ چھوڑا جاتا ہے کہ نگران سیٹ اپ تین ماہ سے طویل ہوگا،قومی حکومت بنے گی اور ایمر جنسی کے تحت پارلیمنٹ کی مدت ایک سال بڑھ جائے گی۔ ہمارے آئین میںنگران حکومت کے ایک مدت سے زیادہ طویل ہونے یا ٹیکنو کریٹ سیٹ اپ کے بارے میں کوئی گنجائش موجود نہیں اوراس طرح کی افواہوںسے مزید بے چینی اور عدم استحکام پھیل رہا ہے۔
اگر انتخابات میں یونہی غیر ضروری تاخیر کی جاتی رہی تو پھر حالات کو سنبھالنا مشکل ہوتا جائے گا۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ تحریک انصاف جلد از جلد عام انتخابات کرانے کے اپنے مطالبے پر قائم ہے اور ہم سمجھتے ہیں بغیر کسی تاخیر کے عام انتخابات ہی معاشی اور سیاسی استحکام کو یقینی بنا سکتے ہیں۔