• news

افغان خواتین کی ملازمت پرپابندی قبول نہیں:سیکرٹری رابطہ عالم اسلامی

کابل(این این آئی)رابطہ عالم اسلام کے سیکرٹری جنرل اور مسلم سکالرز کی انجمن کے سربراہ محمد العیسی نے کہا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے خواتین کے غیر سرکاری اداروں میں کام کرنے پر پابندی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے اور اسلام کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق رابطہ عالم اسلامی کے سکریٹری نے اپنے ٹویٹر اکانٹ کے ذریعے کہا کہ ہم رابطہ عالم اسلامی میں غیر سرکاری تنظیموں میں کام کرنے والی خواتین پر طالبان کی طرف سے عائد پابندی کے اثرات کو گہری تشویش سے دیکھ رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس طریقہ کار پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں جسے شریعت نے مسترد کیا ہے۔ اس سے افغان عوام کو ٹھیس پہنچی ہے اس سے ان لوگوں میں اسلام کی ساکھ مجروح ہوتی ہے جو ہمارے حقیقی مذہب کی حقیقت کو نہیں جانتے۔قابل ذکر ہے کہ طالبان نے گذشتہ چند دنوں کے دوران ملک میں کام کرنے والی امدادی اور انسانی بنیادوں پر کام کرنے والی غیر سرکاری تنظیموں میں کام کرنے والی خواتین پر پابندی عائد کی تھی اور ساتھ ہی لڑکیوں کو یونیورسٹی جانے سے بھی روک دیا تھا۔ ان فیصلوں کی عالمی سطح پر مذمت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن