بہاول پور ویسٹ کمپنی کی لا پروائی‘ شہر کوڑے کا ڈھیر بن گیا
بہاول پور(جنر ل رپورٹر) بہاول پور ویسٹ منیجمنٹ کمپنی نے شہریوں کو عذاب میں ڈال دیا۔ بہاول پور شہر کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا، رشوت اور سفارش کے ذریعے سینٹری ورکرز کے تبادلے کر کے شہر سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے کے نظام کو تباہی کا شکار کر دیا گیا۔ ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کے سینٹری ورکرز پہلے گھروں سے کوڑا اکٹھا کر کے ایک جگہ جمع کرتے تھے اور شہری بھی اپنے گھروں کا کوڑا کرکٹ گلیوں میں پھینکنے کی بجائے سینٹری ورکرز کے حوالے کرتے تھے لیکن اب کمپنی نے سینٹری ورکرز کو گھروں سے کوڑا اکٹھا کرنے سے روک دیا ہے۔ جس کے باعث لوگ گلیوں اور سڑکوں پر کوڑا کرکٹ پھینکنے پر مجور ہو گئے ہیں۔ کمپنی کے سینٹری انسپکٹرز اور ورکرز ایک ایک ہفتے تک کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے نہیں آتے جس کے باعث گلیوں اور محلوں میں گندگیوں کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔ اندرون شہر خصوصاً محلہ چاہ فتح خاں میں صورتحال انتہائی پریشان کن ہے۔ کوڑا کرکٹ کے باعث ان علاقوں میں مکھیوں کی بہتات ہو گئی ہے جبکہ کوڑے کے ڈھیروں سے اٹھنے والے تعفن کے باعث شہریوں کو سانس لینا بھی دشوار ہے۔شہریوں نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ جنوبی پنجاب ، کمشنر بہاول اور ڈپٹی کمشنر سے صورتحال کا نوٹس لینے اور نااہل سینٹری انسپکٹرز اور سینٹری ورکرز کے فی الفور تبادلوں کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ علاقہ سے گندگی کے ڈھیر اٹھائے جائیں۔