سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی کی سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد
اسلام آباد(نا مہ نگار)اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے سال نو کے آغاز پر قوم کو مبارکباد دی ہے ،اپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ آج کا دن اس عزم کے اعادہ کا دن ہے کہ نیا سال ہر پاکستانی کے لیے ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ مفاہمت، ہم آہنگی اور مکالمہ؛ ملک کو موجودہ اقتصادی و سماجی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے ضروری ہیں، ترقی و خوشحالی پاکستانی قوم کا مقدر ہے،پاکستانی قوم موجودہ چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پر عزم ہے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی ہم آہنگی، مفاہمت اور مکالمے کی پالیسیوں کو اپنانے کی ضرورت ہے، اسپیکرنے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی مفاہمت کی پالیسی کو اپنا کر موجودہ چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے، ہماری بہادر مسلح افواج دہشتگردی کے خلاف برسر پیکار ہیں، دہشتگردی کے ناسور پر قابو پانے کے لیے افواج پاکستان کو قومی یکجہتی اور دعاں کی ضرورت ہے، راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ پاکستان کی عوام کو دہشتگردی، انتہا پسندی اور مہنگائی جیسے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے ۔عوامی نمائندے ہونے کے ناطے یہ ذمہ داری سیاستدانوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ قوم کو درپیش مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں،سیاستدان پر سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر سیاست میں رواداری، محبت اور مکالمے کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، قوم عزت نفس، عزم، مستقل مزاجی، برداشت اور جہد مسلسل کو زندگی اور معاشرے میں سنہری اصولوں کے طور پر اپنائے،عظیم قومیں اپنے ماضی سے سبق سیکھتی ہیں، شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے شعر یقین محکم عمل پیہم محبت فاتح عالم۔ پر عمل کرنے کی ضرورت ہے،علامہ اقبال کے فلسفہ خودی، محبت اور رواداری کے اصولوں کو اپنا کر ملک و قوم کو چیلنجز سے نکلا جا سکتا، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی نئے سال کے آغاز پر قوم کو مبارکبادسال نو قوم کے لیے خوشیوں لائے گا، ڈپٹی اسپیکرنے کہا کہ قومی اسمبلی نیا سال پاکستانی قوم کے لئے ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا،سال 2023نا صرف پاکستان بلکہ پورے عالم اسلام میں امن، استحکام اور ہم آہنگی کا سال ثابت ہوگا،ملکی ترقی کے لیے قومی یکجہتی اور اتحاد کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور ڈپٹی اسپیکر زاہد اکرم درانی نے ممبر قومی اسمبلی جعفر خان لغاری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے جعفر خان لغاری کے اہلخانہ کے نام اپنے علیحدہ علیحدہ تعزیتی پیغامات میں مرحوم کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے مرحوم کی سیاسی اور سماجی زندگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جعفر خان لغاری کی سیاسی اور سماجی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا تادیر پر نہیں ہو سکے گا۔اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے اللہ تعالی سے مرحوم کے درجات کی بلندی اور سوگوار خاندان کو اس ناقابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کے لیے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی۔