• news

قومی ٹیم کا اعلان،نعمان علی کی جگہ حسن علی شامل


لاہور(سپورٹس رپورٹر)دوسرے ٹیسٹ میچ کی حکمت عملی طے کرنے اور حتمی الیون کو فائنل کرنے کیلئے قومی سلیکشن کمیٹی نے قومی کپتان بابر اعظم اور ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق سے مشاورت کی اور ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی، امکان ہے کہ ابتدا میں فاسٹ باﺅلرز کیلئے موزوں رہنے کےساتھ پچ بیٹرز کیلئے بھی مددگار رہے گی جبکہ روایتی انداز میں آخری دن سپن باﺅلنگ کیلئے موزوں ہوگی اورچوتھی اننگز کھیلنے والی ٹیم کیلئے مشکلات کا سبب بنے گی چنانچہ ٹاس بھی میچ کیلئے بہت اہم ہوگا۔ مقامی کنڈیشنز پاکستان کیلئے فائدہ مند رہیں گی۔ پاکستان کی نگاہیں اپنے سپنر ابرار احمد پر ہوں گی جبکہ مہمان ٹیم کا انحصار سپنر اعجاز پٹیل پر ہوگا۔ کین ولیم سن ایک مرتبہ پھر خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جبکہ ان کی جگہ ٹیسٹ کپتان بننے والے ٹم ساو¿تھی اپنی فاسٹ باﺅلنگ سے پاکستان کیلئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔عبوری سلیکشن کمیٹی اور کپتان نے نیوزی لینڈ کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا۔بابر اعظم، امام الحق ،عبداللہ شفیق، شان مسعود، سعود شکیل پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے۔ سرفراز احمد، سلمان علی آغا، حسن علی، میر حمزہ اور ابرار احمد بھی شامل ہوں گے۔حسن علی ٹیم کا حصہ ہوں گے جبکہ نعمان علی کو آرام دیا جائے گا، وسیم جونیئر یا ساجد خان کی شمولیت کا فیصلہ میچ سے قبل ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈکی عبوری سلیکشن کمیٹی کے سربراہ شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو ٹاپ ٹیم بنانے کیلئے اچھی پچز ضروری ہیں،کھلاڑیوں کے دلوں سے خوف نکالنا چاہتے ہیں۔ ہیڈ کوچ اورکپتان کےساتھ کافی اچھی میٹنگ رہی، تگڑی کرکٹ ، اچھی پچز اور مثبت حکمت عملی پر بات کی گئی۔ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے مل کرکام کریں گے، باہر تگڑی کرکٹ کھیلنے کیلئے یہاں تیاری کرنا ہوگی، پچز اچھی ہوں گی، کوئی بڑا فرق نہیں ہوگا۔ سلیکشن کے معاملے پرکافی مثبت تبادلہ خیال ہوا ہے، سلیکشن کمیٹی اور مینجمنٹ تقریباً ایک پیچ پر ہی ہیں، سب کے ساتھ رابطہ کافی اہم چیز ہے۔

ای پیپر-دی نیشن