ورلڈکپ: بھارتی کرکٹ بورڈ نے 20 کرکٹرزکے نام شارٹ لسٹ کرلئے
لاہور(سپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ بورڈ نے ہوم گراؤنڈز پر شیڈول آئی سی سی مینز ورلڈکپ سے قبل 20 کھلاڑیوں کے نام شارٹ لسٹ کرلئے۔ بی سی سی آئی کے سربراہ روجر بنی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں راہول ڈریوڈ، کپتان روہت شرما، چیف سلیکٹر چیتن شرما اور نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے سربراہ وی وی ایکس لکشمن شریک ہوئے۔باہمی سیریز اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں جبکہ ممکنہ 20 کھلاڑیوں کے نام بھی شارٹ لسٹ کیے جارہے ہیں۔ فٹنس کے پہلو پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جس کیلئے پلئیرز کا یو یو اور ڈیکسا ٹیسٹ لیا جائے گا، بعدازاں ٹیسٹ پاس کرنے والے کرکٹرز کو سکواڈ کا حصہ بنایا جائے گا۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈکپ 2023 کیلئے منتخب بھارتی کرکٹرز کی انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت محدود کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اجلاس میں ورک لوڈ مینجمنٹ کی پالیسی پر سختی سے عمل کرنے پر اتفاق کیا اور فیصلہ کیا گیا کہ اہم کھلاڑیوں کی انڈین پریمیئر لیگ میں شرکت کو محدود رکھا جائے گا۔ ورک لوڈمینجمنٹ کے تحت کھلاڑی انٹرنیشنل سیریز کے بجائے مقامی لیگ کو چھوڑ سکتے ہیں اور ورلڈ کپ کیلئے منتخب کھلاڑی آئی پی ایل کے کچھ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔ ایمرجنگ کھلاڑیوں کی سلیکشن کیلئے ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کو لازمی قرار دیا گیا۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کوچ راہول ڈریوڈ اور کپتان روہت شرما کو عہدوں سے نہیں ہٹایا جا رہا۔