پاکستان کپ : دفاعی چیمپئن بلوچستان کے پی کے کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی
لاہور(سپورٹس رپورٹر)دفاعی چیمپئن بلوچستان نے خیبرپی کے کو 38 رنز سے شکست دے کر پاکستان کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔فاتح ٹیم آج فائنل میں سینٹرل پنجاب کے مد مقابل آئے گی۔دوسرے سیمی فائنل میں کے پی کی پوری ٹیم 302 رنز کے تعاقب میں 48ویں اوور کی پہلی گیند پر 264 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔عادل امین 76، صاحبزادہ فرحان 57 اور وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔عماد بٹ نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ خرم شہزاد اور محمد جنید نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ خیبرپی کے نے ٹاس جیت کر بلوچستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔بلوچستان نے 8وکٹوں پر 302رنز بنائے ۔ ابتدائی چھ وکٹیں محض 138 رنز پر گر چکی تھیں تاہم تجربہ کار بیٹر بسم اللہ خان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کرکے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ دسویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے میدان میں اترنے والے کاشف بھٹی نے 52 گیندوں پر پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی بدولت 69 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 300 کے پار پہنچادیا۔ بسم اللہ خان نے دو چھکوں اور چھ چوکوں کی بدولت 65 رنز کی اننگز کھیلی۔کے پی کے افتخار احمد نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔