عوام مہنگائی سے تنگ‘ فوری الیکشن کرائے جائیں‘ پی ٹی آئی کا مختلف شہروں میں احتجاج
لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف نے گزشتہ روز لاہور میں مہنگائی کے خلاف آزادی چوک سے لے کر چوک یتیم خانہ تک ریلی نکالی۔ ریلی سے سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکرٹری حماد اظہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر گلی محلے کے اندر ریلیاں نکالیں گے۔ اس ملک کے عوام چوری معاف کرانے والوں کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ عوام مہنگائی کے ہاتھوں تنگ ہیں، فوری الیکشن کروائے جائیں۔ حکمرانوں نے عوام کے مسائل میں کمی کے بجائے اضافہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے آزادی چوک پہنچنے پرکارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وفاقی حکومت کی جانب سے بدترین مہنگائی نے عوام کی کمر توڑکر رکھ دی ہے۔ 2023ء جدوجہدکا سال ہے۔ ہم امپورٹڈ حکومت کے خلاف اپنی جدوجہد جار ی رکھیں گے۔ وفاقی حکومت عام انتخابات سے ڈر رہی ہے۔ وفاقی حکومت کی الیکشن کرواتے ہوئے کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا کہ پاکستان جن مشکل حالات سے گزر رہا ہے سوچی سمجھی سازش کے تحت یہاں لایا گیا ہے۔ آج غریب گھر کا کرایہ ادا نہی کر سکتا، دوائی اور روٹی نہیں کھا سکتا، بچے کی فیس ادا نہیں کر سکتا۔ پنجاب سے حکومت ختم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔ صوبائی وزیر میاں محمود الرشید نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف پی ٹی آئی کی عظیم الشان ریلی نے ثابت کر دیا ہے لاہور عمران کے ساتھ ہے۔ عندلیب عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم پر مسلط کردہ کرپٹ ٹولہ مسلسل غریب عوام کا خون چوس رہا ہے۔ ریلی سے ڈسٹرکٹ لاہور کے صدر شیخ امتیاز محمود، جنرل سیکٹری زبیر نیازی اور سیکرٹری اطلاعات اویس یونس نے خطاب کیا۔