سندھ کے سیلاب زدگان کا پیسہ ہارس ٹریڈنگ پر خرچ ہو رہا ہے: مسرت چیمہ
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت کی جانب سے پنجاب کے سیلاب زدگان کو بے یار و مددگار چھوڑا گیا لیکن ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیسوں کی ہوس میں سندھ کے عوام کو سیلابی ریلے میں ڈبو دیا گیا۔ زرداری کے ڈاکو راج میں سندھ کے سیلاب زدگان کی امداد کا پیسہ ہارس ٹریڈنگ کیلئے خرچ ہو رہا ہے۔ ممبران کے ضمیروں کا سودا کرنے والوں کو عوام نے مسترد کیا اور عوام لوٹوں کو آئندہ الیکشن میں بھی خوب سبق سکھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا مقام شرم ہے کہ آج حکومتی معاملات مریم اورنگزیب جیسی چاپلوس خواتین کے ہاتھ میں ہیں جس کو "اکانومی" کی " ای" کا بھی نہیں پتہ اور جو اسکی امپورٹڈ حکومت نے 9 ماہ میں ملک کا حال کیا ہے اس پر معاشی ماہرین کو جھٹلا کر عمران خان سے متعلق پراپیگنڈا کر رہی ہیں۔ قبل ازیں سوشل میڈیا پر اپنے ویڈیو پیغام میں مسرت جمشید چیمہ نے تمام اہل وطن کو سال نو کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔