اوکاڑہ: تاوان نہ دینے پر پانچ سالہ بچہ بے دردی سے قتل
اوکاڑہ (نامہ نگار) تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ گارڈن ٹائون سے اغوا ہونے والا پانچ سالہ بچہ تاوان نہ ملنے پر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ بچے کی نعش نواحی گائوں پٹھاناں والا کے قریب راجباہ سے مل گئی۔ بچے کو بے دردی سے چھریوں کے وار کر کے قتل کیا گیا ہے۔ ڈی پی او بلال فرقان کے مطابق تھانہ بی ڈویژن کے علاقہ گارڈن ٹائون سے عباس نامی شخص کے پانچ سالہ بیٹے علی عباس کے مبینہ اغوا ہونے کی اطلاع تھی‘ اس دوران اغوا ہونے والے بچے علی کے اہل خانہ کو ایک فون کال آئی جس میں بچے علی کو اغوا کرنے والے اغوا کاروں نے چار لاکھ تاوان کا مطالبہ کیا جس کی اطلاع بچے کے گھر والوں نے پولیس کو کی تو پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کرنے کے ساتھ بچے کی بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ اس دوران پولیس کو اطلاع ملی کہ تھانہ صدر کے علاقہ پٹھاناں والا کے قریب راجباہ میں ایک بچے کی نعش پڑی ہے جس کی اطلاع پر مقامی پولیس اور ڈی پی او فرقان بلال خود بھی موقع پر پہنچ گئے۔ نعش کو پوسٹمارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کیا۔ ڈی پی او فرقان بلال نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان کو ہر صورت انصاف دلوائیں گے۔ پولیس کا کہنا تھا مقتول علی عباس کو قتل کرنے سے پہلے بد فعلی کی گئی ہے یا نہیں یہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد پتہ چلے گا۔ تاہم ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا ہے، ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔