حکومتوں کی ناکامی سے کرپشن‘ دہشت گردی میں مسلسل اضافہ ہوا: زبیر احمد ظہیر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کو اپنا کر دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔ دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وہ گذشتہ روز مارگلہ ہال سیکٹر ای 16 اسلام آباد میں عظمت اسلام کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر ان کے علاوہ شیخ الحدیث مولانا عبدالعزیز علوی، ڈاکٹر طاہر محمود، ڈاکٹر سید عبدالغفار شاہ بخاری، مولانا عبدالوحید سلفی، مولانا حبیب الرحمان محمدی، قاری حسنین احمد قصوری نے بھی خطاب کیا۔ علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر آج تک جتنی بھی حکومیتیں اور نظام آئے ہیں وہ کامیاب نہیں ہو سکے جس کی وجہ سے آج پاکستان میں کرپشن، دہشت گردی اور ناانصافی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور غربت بے انتہا بڑھ چکی ہے۔ مہنگائی نے عوام کو پیس کر رکھ دیا ہے اور بار بار اقتدار میں آکر ملک کو مصائب کا شکار کرنے والی سیاسی جماعتیں عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش کر رہی ہیں مگر اب عوام جاگ چکے ہیں اور عوام میں شعور بیدار ہو چکا ہے۔ قوم کرپٹ ٹولے اور مافیا کو کسی طور برادشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ہم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ مکمل ہمدردی اور اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور دہشت گردی میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بد قسمتی سے حکومت اور متعلقہ اداروں کو دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جو عملی اقدامات کرنے چاہیے تھے وہ نہیں ہو سکے۔