پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا افتتاح ، ن لیگ غلط کامو کی ماہر : پرویز الٰہی
لاہور (نیوز رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی عمارت کا باقاعدہ افتتاح کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ تاریخ میں عمران خان کی قیادت میں اسمبلی میں سب سے زیادہ قانون سازی ہوئی، دین کی خدمت عمران اور ہمارا اعزاز ہے۔ ہم نے اچھے کاموں میں اپوزیشن کو شامل کیا لیکن نون لیگ والے غلط کاموں کے ماہر اور بادشاہ ہیں۔ 5،10برس کے بعد یہ آتے ہیں اور پچھلی ساری تباہی کر کے چلے جاتے ہیں۔ ن لیگ کی ٹرین تباہی اور بربادی کی ٹرین ہے۔ ہمارے بھاگے ہوئے ڈپٹی سپیکر اور نون لیگ کے کرتا دھرتا کے کہنے پر پنجاب اسمبلی میں پولیس آئی، غنڈوں نے آکر اسمبلی میں ہنگامہ کیا۔ اسمبلی کے اندر پولیس کے گھسنے کا واقعہ کسی صورت نہیں بھلایا جا سکتا، یہ تاریخ کا سیاہ باب اور نون لیگ کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔ ہم نے ہمیشہ بھائی چارے کی فضا اور اچھی سیاسی روایات قائم کی ہیں، بد قسمتی سے ہمارے مخالفین نے ہماری اچھی روایات کو تباہ کیا۔ اگر کوئی اچھی روایات کو فالو نہیں کرتا تو سیاستدان بدنام ہوتے ہیں۔ پرویز الٰہی نے نئی عمارت کے افتتاح کے بعد دعا کی۔ وزیراعلیٰ نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہاکہ پنجاب میں بھائی چارے کی سیاست کو فروغ دیا۔ برے کاموں کے تو ن لیگ والے خود ہی بادشاہ ہیں، انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا اور انہیں کوئی روکنے والا بھی نہیں ہے۔ یہ جہاں ٹرین چھوڑتے ہیں اسی سٹیشن سے آکر دوبارہ ٹرین پکڑتے ہیں۔ جس طرح قیام پاکستان کے وقت آخری ٹرین آئی تھی جو آدھی کاٹی ہوئی تھی، اس طرح کی ٹرین ہے نون لیگ کی۔ دین کی خدمت کے لئے قانون سازی عمران خان، پی ٹی آئی اور ہمارا اعزاز ہے۔ دنیا کی بے شمار اسمبلیاں 300 برس میں بنی ہیں لیکن کسی بھی اسمبلی میں پولیس نہیں گھسی۔ برٹش اسمبلی ویسٹ منسٹر میں ایک دفعہ ایک قتل ہوا تھا جو ایک بد نما داغ بن گیا تھا۔ ہمارے ہاں قتل تو نہیں ہوا لیکن اس سے کم نہیں ہوا۔ کبھی پولیس اسمبلی کے اندر آ ہی نہیں سکتی اور اس طرح آکر حملہ آور نہیں ہو سکتی۔ اس حملے کی آڑ میں نون لیگ کے پرائیویٹ ورکر اور غنڈوں نے آکر اسمبلی میں اودھم مچایا اور خواتین کو زخمی کیا۔ ایک رکن اسمبلی آسیہ بی بی شدید زخمی ہوئیں، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وہ صحت یاب ہوئیں۔ پرویزالٰہی نے کہاکہ وزارت اعلیٰ کے منصب کے لئے اللہ تعالیٰ نے راہ ہموار کی۔ اللہ تعالیٰ نے لا کر بٹھا دیا، خدمت کا موقع ملنے پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں۔ ترقی کی ٹرین جہاں چھوڑی تھی دوبارہ وہیں سے آکر چلائی ہے۔ اسمبلی کی نئی عمارت کی تکمیل کیلئے 10/15 سال انتظار کرنا پڑا۔ کام ہو تو شکر ادا کرتے ہیں، نہ بھی ہو تو شکر میں کمی نہیں آتی۔ مجھے کیا پتا تھا کہ اللہ تعالیٰ وزارت اعلیٰ کا منصب عطا کرے گا۔ 1938 میں پنجاب اسمبلی کی پرانی عمارت بنی، سپیکر بنا تو پہلے مسجد بنوائی۔ اسمبلی کی نئی عمارت کا سنگ بنیا د رکھا اور افتتاح کا اعزاز بھی اللہ نے عطا کیا۔ اسمبلی کی نئی عمارت اہم نہیں، قانون سازی اہمیت کی حامل ہے۔ ختم نبوتؐ، ناظرہ اور ترجمہ قرآن، متحدہ علما بورڈ اور ختم نبوت یونیورسٹی ایکٹ پاس کرائے۔ خاتم النبیینؐ یونیورسٹی میں دینی علوم کے بارے میں چھپنے والی کتابیں مہیا کریں گے۔ 1122، ایمرجنسی میں مفت ادویات، ڈاکٹروں کی تین گنا تنخواہ اور جوبلی ٹاؤن ڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کے ایکٹ بھی پاس کرائے گئے۔ اسمبلی میں جتنے اچھے کام ہوں گے وہی ہمارا کریڈٹ ہو گا۔ 10 سال تک اسمبلی کے نئے بلاک کی تعمیر میں رکاوٹیں کھڑی کر کے قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔ اچھی سیاسی روایات کو قائم نہ رکھنا بدقسمتی ہے۔ قبل ازیں پرویز الٰہی نے کہا کہ نئی اسمبلی میں اگلے 100سال کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے 500 ارکان کی گنجائش موجود ہے۔ 200افراد کیلئے Ayes Lobby اور 200افراد ہی کیلئے Noes Lobby بنائی گئی ہے۔ سپیکر چیمبر افسران، میڈیا اور وزیٹرز کیلئے 800 افراد تک کی گنجائش ہے۔ نئی اسمبلی میں وزیراعلیٰ، سپیکر، ڈپٹی سپیکر، وزراء اور لیڈر آف اپوزیشن کیلئے سیکرٹریٹ بلڈنگ میں دفاتر بنائے گئے ہیں۔ 3کمیٹی روم اور ایک کانفرنس روم کے علاوہ لائبریری اورکیفے ٹیریا کی بھی سہولت موجود ہے۔ 400 گاڑیوں کی پارکنگ رکھی گئی ہے۔ پرویزالٰہی نے اوکاڑہ میں اغوا کے بعد کمسن بچے کے قتل کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آر پی او ساہیوال سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ میں ملوث گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ معصوم بچے کے قتل میں ملوث ملزم قانون کے مطابق سخت سزا کا مستحق ہے۔