• news

سندھ ہائی کورٹ نے پولیس کو شہباز گِل کی گرفتاری سے روک دیا

کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے کے کیس میں پولیس کو پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کی گرفتاری سے روک دیا اور قرار دیا ہے کہ شہباز گِل کو کراچی میں درج 3مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے ۔ پیر کو عدالتِ عالیہ نے پولیس کو گرفتاری سے روکنے کیلئے دائر شہباز گِل کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کر لی۔وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گِل کے خلاف کراچی کے سرجانی ٹائون، بریگیڈ اور رضویہ تھانے میں مقدمات درج ہیں۔عدالت نے آئی جی سندھ و دیگر کو 12 جنوری کیلئے نوٹسز جاری کر دئیے۔شہباز گِل کے وکیل نے کہاکہ عدالت میں موقف اختیار کیا کہ شہباز گِل نے سندھ میں درج مقدمات کالعدم قرار دینے کیلئے درخواست دائر کر رکھی ہے۔وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک درخواست پر حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا، پولیس کو شہباز گِل کی گرفتاری سے روکا جائے۔دوسری جانب عدالت کے باہر پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے وکیل ظہور محسود ایڈووکیٹ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ عدالت نے کیس کے فیصلوں تک شہباز گِل کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن