• news

انٹرنیشنل آئی ٹی کانفرنس پرامن ، محفوظ انعقاد یقینی بنانے کیلئے اجلاس 


لاہور(نامہ نگار)انفارمیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے انٹرنیشنل کانفرنس ( Future  Fest) کا لاہور میں پرامن اور محفوظ انعقاد یقینی بنانے کیلئے کیپٹل سٹی پولیس ہیڈکوارٹرز میں گزشتہ روز اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی غلام محمود ڈوگر نے اجلاس کی صدارت کی۔ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،ایس پی سکیورٹی دوست محمد،ایس صدر حمزہ امان اللہ اور متعلقہ پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔ایڈیشنل سیکرٹری مڈل ایسٹ رضوان سید،ڈائریکٹر اعجاز ملک،منیجر ایونٹس لاہور ایکسپو سنٹر محمد سلمان افضل و دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے سکیورٹی انتظامات بارے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس 6 جنوری تا 8 جنوری لاہور ایکسپو سنٹر میں منعقد ہونے جا رہی ہے۔ انٹرنیشنل آئی ٹی کانفرنس کے ملکی و غیر ملکی شرکا کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریگی۔ ایڈیشنل سیکرٹری مڈل ایسٹ افیئرز رضوان سید نے بتایا کہ آئی ٹی کانفرنس میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ اور بلجیئم سمیت مختلف ممالک کے مندوبین شرکت کریں گے۔


سی سی پی او لاہور نے ہدایت کی کہ کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی مندوبین کی رہائش گاہ،روٹس اور ایکسپو سینٹر کے سکیورٹی انتظامات یقینی بنائیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر نے کہا کہ وفود کی رہائش گاہ، روٹ،ایکسپو سینٹر اور اطراف میں کومبنگ، سرچ اینڈ سویپ آپریشنز کیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن