کمانڈر قاسم سلیمانی کا قتل، ایران نے 60 امریکی اہلکار بلیک لسٹ کر دیئے
تہران (اے پی پی) ایران نے اپنے سینئر فوجی کمانڈر قاسم سلیمانی کے قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں 60 امریکی اہلکاروں کو بلیک لسٹ کر دیا ہے۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے قاسم سلیمانی کے قتل کی تیسری برسی سے قبل ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا کہ ایران کمانڈر کے قتل کی تحقیقات کر رہا ہے۔ امریکی اور مغربی ممالک اس مقدمے کو قانونی طور پر آگے بڑھانے کی ایران کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ 3 جنوری 2020 کو امریکی فوج نے اس وقت کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر بغداد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب ایک ڈرون حملے میں قاسم سلیمانی اور عراق کی نیم فوجی دستوں حشد شعبی فورسز کے نائب کمانڈر ابو مہدی المہندس کو قتل کر دیا تھا۔