کرونا:ائرپورٹس،بارڈرز پر مانٹرنگ سخت،مراکش میں چین سے آنے والوں کا داخلہ بند
اسلام آباد‘ رباط (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) کرونا کے نئے ویرینٹ کے خدشے کے پیش نظر ائرپورٹس اور بارڈرز پر مانیٹرنگ سخت کر دی گئی۔ دوسری طرف مراکش نے چین سے آنے والے تمام مسافروں کا ملک میں آج سے داخلہ بند کر دیا ہے۔ تفصیل کے مطابق چیئرمین این ڈی ایم اے کی زیرصدارت کرونا صورتحال پر جائزہ اجلاس ہوا۔ کرونا سے متعلق حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ ائرپورٹس اور بارڈرز پر کرونا مانیٹرنگ سخت کی جا رہی ہے۔ نئے کرونا ویرینٹ سے متعلق آگاہی مہم چلائی جائے۔ ائرپورٹ اتھارٹی حکام کو کرونا ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن پر بریفنگ دی گئی۔ تمام ائیرپورٹس پر کرونا ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ طورخم بارڈر پر یومیہ کرونا ٹیسٹنگ اور ویکسی نیشن کی جا رہی ہے۔ نئے ویرینٹ بی ایف7سے پیدا ہونے والے ممکنہ خطرے کے پیش نظر تمام ہوائی اڈوں پر بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں کے ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ اور پولیمریز چین ری ایکشن ٹیسٹ کئے جا رہے ہیں۔ این آئی ایچ حکام نے بتایا کہ طورخم بارڈر پر سرحد پار کرنے والے افراد کی ویکسی نیشن اور سکریننگ روزانہ کی بنیاد پر کی جار ہی ہے۔ اجلاس میں سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ تمام ایئر پورٹس پر انتظامی ٹیم مامور کرنے کے ساتھ موثر سکریننگ نظام مکمل طور پر فعال ہے اور کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے ملک کی انسداد کرونا حکمت عملی اور قومی تیاری پر اطمینان کو اظہار کیا۔ دوسری طرف پیرکو نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3 ہزار 62 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 12 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ اس طرح اس مدت میں مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.39 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ ادھر غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک حالیہ بیان میں کہا گیا کہ مراکش کے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ چین سے آنے والے تمام مسافروں کو چاہے ان کی قومیت کچھ بھی ہو مملکت کی سرزمین میں داخل ہونے سے روکا جائے گا۔ ذریعے کے مطابق پابندی 3 جنوری 2023 سے اگلے حکم نامے تک نافذ العمل رہے گی۔