اعظم سواتی رہا اپنے لیڈر کی پیروی کرتا ہوں سینٹر
اسلام آباد (وقائع نگار+ نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت منظور ہونے پر سپیشل جج سنٹرل کی عدالت سے اعظم سواتی کی رہائی کیلئے روبکار جاری کردی گئی۔ گذشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ سے فیصلہ کی مصدقہ نقل ملنے کے بعد اعظم سواتی کے صاحبزادے ایڈووکیٹ عثمان سواتی اور ایڈووکیٹ سہیل سواتی سپیشل جج سنٹرل کی عدالت پیش ہوئے اور اسلام آباد ہائیکورٹ کا آڈر پیش کیا۔ وکلاء نے کہاکہ ضمانتی مچلکے نقد کی صورت میں جمع کروانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے استفسار کیاکہ آرڈر آج ملا ہے، جس پر سہیل سواتی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ تحریری آرڈر آج ملا ہے۔ عدالت نے دو لاکھ کے مچلکوں کا حکم دیا تھا، اعظم سواتی کیس میں انٹرنل پروسیجر کو فالو نہیں کیا گیا۔ عدالت نے ضمانتی مچلکے نقد میں جمع کروانے کی استدعا منظور کر لی اور انٹرنل پروسیجر سے متعلق ایس او پیز 2020 فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ بعدازاں متنازع ٹویٹ کیس میں سینیٹر اعظم سواتی کو سی آئی اے سینٹر سے رہا کر دیا گیا۔ پی ٹی آئی سینیٹرز نے اعظم سواتی کا استقبال کیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ پاک افواج سے متعلق وہی کہتا ہوں جو میرا لیڈر کہتا ہے۔ اعظم سواتی سب جیل اسلام آباد سے باہر آئے تو اعظم سواتی کے بیٹے عثمان سواتی اور لیگل ٹیم کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد سب جیل کے باہر موجود تھی۔ کارکنوں کی جانب سے اعظم سواتی کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، ان کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔ سینیٹر شبلی فراز، سیف اللہ نیازی، ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سیمی ایزدی سمیت مقامی قیادت نے اعظم سواتی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری سب جیل کے باہر تعینات تھی۔ سینیٹر اعظم سواتی نے سی آئی اے سینٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، پاک افواج سے متعلق میں وہی کہتا ہوں جو میرا لیڈر کہتا ہے، رجیم چینج سے متعلق میرے کپتان نے بھی کہا تھا فوج بھی میری، ملک بھی میرا ہے۔ جن لوگوں نے میرے اوپر ایف آئی آر کی انہوں نے ملک کے ہر ادارے کو ختم کر دیا ہے، عامر فاروق جسٹس کے فیصلوں پر اپنے کپتان سے ملنے کے بعد بات کروں گا، اس ملک کو بچانے کے لیے ضروری ہے عمران خان کا ساتھ دیں، میں پی ٹی آئی قائدین سے کہتا ہوں جلسے جلوسوں سے نکلیں۔ سی آئی اے سینٹر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سینیٹر اعظم سواتی نے کہا کہ آج کل چند اشخاص کی حکومت ہے، جو وہ کہتے ہیں بس وہی ہوتا ہے، ویڈیوز بنانے والے اور بھیجنے والے مجرم ہیں، لوگوں کو بلیک میل کرنے والو تمہاری ماں، بہن، بیٹیاں ہیں۔ 11 ہزار ارب ہمارے غریب ملک کا لوٹا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ جنہوں نے مجھے گرفتار کیا ان کو پیغام دیتا ہوں، میں نمک نہیں جو پانی میں ڈالو تو گھل جائے، میں کپتان کا سپاہی ہوں، لاہور جاو¿ں گا، کپتان سے ملاقات کروں گا۔ عمران خان ہی وہ لیڈر ہے جو ملک کو اس مشکل سے نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قائم ہے اور قائم رہے گا۔
اعظم سواتی رہا