• news

گندم خریداری پنجاب کا قرض 100ارب روپے کم احساس پروگرام سے عام آدمی کو سبسڈی دیں گے پرویز الہی


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت گندم کے حوالے سے اجلاس میں وزیر اعلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موثر اقدامات سے گندم خریداری کی مد میں حکومت پنجاب کے قرضوں میں 100 ارب روپے کی ریکارڈ کمی کر دی گئی ہے۔ احساس پروگرام کے تحت عام آدمی کو سبسڈی دیں گے تا کہ شہروں اور دیہات تک بھی یہ فائدہ پہنچ سکے۔ حکومتی قرضوں میں 100ارب روپے کی کمی سے آئندہ گندم خریداری کے عمل میں بہتری آئے گی۔ کسان بغیر کسی مشکل کے فوری ادائیگی کا کام پنجاب حکومت کی ”گو پنجاب ایپ“ سے بھی کر سکے گا۔ پنجاب کے کسان کو اگلی فصل میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں ہو گا۔ پنجاب میں گندم کا ڈیلی کوٹہ 23 ہزار میٹرک ٹن تک بڑھا دیا گیا ہے تا کہ سستا آٹے ہر ایک کی پہنچ میں ہو۔ پولٹری کی صنعت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ سویا بین کی قلت کا سدباب کرنے کے لئے بہترین بیج منگوا کر ٹرائل شروع کر دیئے گئے ہیں اور ایک سال میں پاکستان میں سویا بین کی تمام ضروریات پنجاب سے پوری ہو سکیں گی۔ وزیر اعلی نے کہا کہ غریب آدمی کو گندم کی سستے دامو ں فراہمی کے لئے پنجاب احساس پروگرام کے ذریعے ٹارگٹڈ سبسڈی دی جارہی ہے۔ پنجاب حکومت احساس پروگرام کے ذریعے مستحق لوگو ں کو پہلے ہی آٹے کی سستے داموں فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔ آٹے پر ٹارگٹڈ سبسڈی حاصل کرنے کے لئے شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے احساس پروگرام میں شمولیت کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستا بازار ن لیگ کی لوٹ مار کا بہانہ تھا، عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے حقیقی ریلیف نہیں دیا۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ صوبائی و ضلعی انتظامیہ عوام کو مقررہ قیمت پر آٹے کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرکے اورگندم و آٹے کی بین الصو بائی نقل و حمل روکنے کے لئے کڑی مانیٹرنگ کی جائے اور بین الصو بائی نقل و حمل روکنے کے لئے پولیس اور انتظامیہ بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائیں۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک نے ملاقات کی۔ سردار حسنین بہادر دریشک نے جام پور کو ضلع کا درجہ دینے پر وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ داجل اور محمد پور کوضلع جام پورکی تحصیلوں کا درجہ دے کرآپ نے ہمارا دیرینہ مطالبہ پورا کیا ہے۔ جام پورکو ضلع کا درجہ دے کر آپ نے ہمارے اور علاقے کے دل جیت لئے ہیں اور آپ کا یہ اقدام جام پو ر کے سیاستدان اورلوگ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ دوسری جانب پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت کا ترقیاتی بجٹ کے استعمال کا نیا ریکارڈ قائم، گڈ گورننس اور ترقیاتی منصوبوں کی موثر مانیٹرنگ کے باعث رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران 249 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ استعمال کیا گیا۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران 89 ارب روپے زیادہ استعمال کئے گئے۔ رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 249 ارب روپے استعمال کئے گئے۔ 249 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ یکم جولائی 2022 سے 31 دسمبر 2022 تک استعمال کیا گیا جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران اے ڈی پی کے تحت 160 ارب روپے استعمال کئے گئے تھے اور 160 ارب روپے کا ترقیاتی بجٹ یکم جولائی 2021 سے 31 دسمبر 2021 تک استعمال کیا گیا تھا۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز کے استعمال کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کی کارکردگی کو سراہا۔
پرویزالٰہی 

ای پیپر-دی نیشن