• news

کشمیری آج یوم حق خودارادیت  منائیں  گے : وادی  میں پولیس کی مزید 18کمپنیاں لگانے کا فیصلہ


جموں‘ سرینگر‘ واشنگٹن‘اسلام آباد( کے پی آئی‘ اے پی پی‘خبرنگارخصوصی ‘نامہ نگار)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط  جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے بدھ کو  جموں ریجن کے اضلاع راجوری ، کشتواڑ اور ریاسی میں بڑے پیمانے پر محاصرے اورتلاشی کی کارروائیاں جاری رکھیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ایک سینئر پولیس اہلکار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ راجوری میں اتوار کو چار شہریوں کے قتل کے بعد تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ادھرقابض انتظامیہ نے ضلع سانبہ میں ورکنگ بائونڈری سے ایک کلومیٹر کی پٹی پر  رات9سے صبح 6 بجے تک کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔جبکہ زیرقبضہ کشمیرجموں و کشمیر میں ایک اور بے گناہ کشمیری نوجوان بھارتی فوج کی حراست میں لاپتہ ہوگیا جس کے بعد لواحقین اور رشتہ داروں نے کپواڑہ کے علاقے کنن پوش پورہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور نوجوان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔عبدالرشید نامی نوجوان کو بھارتی فوج نے دسمبر 2022میں گھر پر چھاپے کے دوران گرفتار کیا تھا جو بھارتی فوج کی حراست میں لاپتہ ہو گیا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیر واعظ عمر فاروق نے راجوری میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلخانہ اور لوگوں سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی جانوں کا بے دریغ اور ناقابل تلافی نقصان اط خطے کا المیہ ہے جس کا ہم گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے سامنا کر رہے ہیں۔امریکہ میں قائم کشمیری تارکین وطن کی تنظیم کشمیری ڈائس پورہ کولیشن(کے ڈی سی)نے  اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، سلامتی کونسل، اسلامی تعاون تنظیم اوراقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے اپیل کی ہے کہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کوحق خودارادیت دلانے کی حمایت  کی جائے جس کی ضمانت سلامتی کونسل کی قراردادوں میں دی گئی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پانچ جنوری کا دن ہر سال جموں و کشمیر کے عوام کے یوم حق خودارادیت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ حق خودارادیت کے دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن1949 ء میں اقوام متحدہ کے کمیشن برائے ہندوستان اور پاکستان (UNCIP) نے ایک قرارداد منظور کی جو جموں و کشمیر میں آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کی ضمانت دیتی ہے۔ آج کے دن میں پاکستان کی حکومت کے اس عزم کو دہراتا ہوں کہ  پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق بھارتی  زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے لیے اپنی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اور قائم مقام سپیکر زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ حق خودارادیت ہر فرد کا بنیادی حق ہے، عالمی برادری کو بھارتی غیر قانونی قبضے والے کشمیر کے عوام کی حق خودارادیت  کے حوالے سے اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔ بھارت بین الاقوامی قوانین اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقبوضہ خطے کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کر رہا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی حکومت نے وادی میں پیرا ملٹری فورس کی مزید 18 کمپنیاں تعینات  کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی ریزرو پولیس فورس کے 1800 اہلکاروں کو ضلع پونچھ اور راجوری میں تعینات کیا جائے گا۔ کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن