عمران کو پارٹی قیادت سے ہٹانے کا نوٹس ہائیکورٹ میں چیلنج الیکشن کمیشن سماعت 11جنوری کو کرے گا
لاہور (سپیشل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین و سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کا الیکشن کمیشن کا نوٹس چیلنج کر دیا۔عمران خان نے الیکشن کمیشن کے 7دسمبر کے نوٹس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے۔درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنے اختیارات سے تجاوز کر کے پارٹی عہدے سے ہٹانے کی کاروائی کر رہا ہے، الیکشن کمیشن نے 7دسمبر 2022کو پی ٹی آئی چیئرمین کو عہدے سے ہٹانے کیلئے غیر قانونی طور پر نوٹس جاری کیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے روبرو اپنے مکمل اثاثے ظاہر کر رکھے ہیں۔ عدالت سے استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کو معطل کرنے کا حکم دیا جائے ۔عدالت درخواست گزار کی استدعا پر الیکشن کمیشن کو کاروائی سے روکنے کا حکم دے اور الیکشن کمیشن کے خلاف قانون اقدام کو کالعدم قرار دیا جائے ۔الیکشن کمشن نے کہا ہے کہ عمران خان کو پارٹی چیئرمین شپ سے ہٹانے کے کیسز کی سماعت 11 جنوری کو کرے گا۔ اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمشن نے اس سے پہلے 10 جنوری کو سماعت کرنی تھی۔
ہائیکورٹ/ چیلنج