چین سے درآمد مسافر کوچز ریلوے سسٹم سے ہم آہنگ ہیں: سلمان صادق
لاہور (سٹاف رپورٹر) چیف ایگزیکٹو افسر پاکستان ریلوے سلمان صادق شیخ نے کہا کہ چین سے درآمد شدہ مسافر کوچز پاکستان ریلوے کے سسٹم سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہیں۔ کوچز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اور ڈی پراسیسنگ کی گئی جس کے بعد آزمائشی بنیادوں پر چلانے کی منظوری دی گئی۔ کامیاب ٹرائل کے بعد اس وقت تمام کوچز چلنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بوگیاں ہم نے بین الاقوامی شہرت کی حامل کمپنی سے Transparent Competitive Bidding کے ذریعہ تیار کروائی ہیں۔ ان کوچز کی وارنٹی کی مدت دو سال ہے اور یہ پہلے چھ ماہ چینی ماہرین کی زیرِ نگرانی آپریٹ کریں گی۔ نئی کوچز کو بین الاقوامی ریل روڈ سٹینڈرڈز اور سیفٹی کے انٹرنیشنل سٹینڈرڈز کو مد نظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔