وطن دشمن قوتیں متحرک ہو چکیں‘ فوج اور قوم مل کر دہشتگردی کا سرکچل دیں گے: منور جماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وطن عزیز اور اس کے باسیوں نے دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ میں عزم و استقلال کے ساتھ فتح حاصل کی۔ وطن دشمنوں کی مکروہ کوششیں آج بھی جاری جن کے خلاف ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر سکیورٹی فورسز کا ساتھ دینا ہو گا۔ وطن دشمن قوتیں متحرک ہو چکی ہیں۔ پاک فوج اور قوم دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور اس عفریت کا سر کچل کر ہمیشہ کیلئے خاتمہ کر دیا جائے گا۔ قوم قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے صحافیوں کیساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے ان بیٹوں نے اپنے لہو سے دہشت گردی کی آگ بجھائی ہے۔ ہم دل سے شہداء کی قدر کرتے ہیں۔ پوری قوم پاکستانی افواج ِپاکستان کی بقائے پاکستان کیلئے عظیم جدو جہد کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ دشمن کی اس سازش کو بھی ناکام بنائیں گے۔