پاکستان کی سلامتی کیخلاف سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، طاہر اشرفی
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل نے خانیوال میں قومی سلامتی کے ادارے کے افسروں پر حملے کی مذمت کی ہے۔ طاہر محمود اشرفی، مولانا عبدالحق مجاہد، مولانا رفیق جامی، شفیع قاسمی، مولانا نعمان حاشر، مولانا اسد اللہ فاروق، علامہ طاہر الحسن، علامہ زبیر عابد، مولانا طاہر عقیل، مولانا اکبر قاسمی اور مولانا اسعد زکریا قاسمی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان علماء کونسل شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتی ہے۔ وطن عزیز پاکستان کے سلامتی و استحکام کے خلاف ہونے والی سازشوں کے خاتمے کے لئے ہر لمحہ ریاست پاکستان اور پاکستان کے سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔