• news

شدید دھند،حد نگاہ انتہائی کم:ٹریفک حادثات میں بہن بھائی سمیت 10جاں بحق


لاہور، سانگلہ ہل‘واربرٹن، سیالکوٹ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران+ این این آئی) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند اور حد نگاہ انتہائی کم ہو جانے کے باعث اہم شاہراہوں سمیت موٹر ویز کو مختلف مقامات سے بند کر دیا گیا۔ موٹرویز پولیس کے مطابق لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے رجانہ جبکہ موٹر وے ایم فور پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک شدید دھند کے باعث بند کر دی گئی۔ شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں10  افراد جاں بحق، متعدد زخمی ہو گئے۔ سرگودھا سلانوالی روڈ پر 85 جھال کے قریب تیز رفتار ٹرک کی کار کو ٹکر سے کار سوار 26 سالہ خاور مسعود جاں بحق اور 25 سالہ عابد شدید زخمی ہو گیا۔ شدید دھند کے باعث دو مختلف ٹریفک حادثات میںبچیانہ روڈ پرکنٹینر کی ٹکر سے بہن بھائی جاں بحق ہو گئے۔ ستیانہ روڈ پرکار کی موٹر سائیکل سوار کو ٹکر ایک جاں بحق ایک زخمی ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ تھانہ سٹی کے علاقہ 534گ ب کا رہائشی 18سالہ عاصم اپنی بہن صدف کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہو کر شہر کی جانب آرہے تھے کہ بچیانہ روڈ پر کنٹینر کے ٹائروں تلے آکر بری طرح زخمی ہو کر  تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر جاں بحق ہوگئے۔ جبکہ ستیانہ روڈ 32چک کے قریب کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار 14سالہ آکاش جاںبحق جبکہ فیصل شدید زخمی ہوگیا۔ ساہیوال اور گردونواح میں شدید دھند کے باعث جی ٹی روڈ پر گیمبر ٹول پلازہ قادرآباد کے قریب 4گاڑیاں آپس میں ٹکراگئیں۔ مرغیوں والا مزدہ ٹرالے میں جاٹکرایا اور پیچھے سے مزدہ میں ٹرالر اور بس ٹکرا گئی جس کے نتیجہ میں مزدہ میں سوار 3 افراد کاشف، سکنہ خانکے پتوکی، عامر اور قاسم جاں بحق ہوگئے جبکہ مسافر بس میں سوار 5مسافر زخمی ہوئے ہیں ۔ ریسکیو1122 کے عملہ نے اطلاع ملنے پر زخمیوں کو طبی امداد دیکر اور جاں بحق افراد کو ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا۔ زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی جاتی ہے۔ جاں بحق افراد کا تعلق صادق آباد سے بتایاگیا ہے۔ سانگلہ ہل سر شام ہی شدید دھند کی لپیٹ میںآ گیا، لوگ گھروں میں قید ہو کر رہ گئے۔ تیز رفتار ہنڈائی ڈالہ موٹر سائیکل سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجہ میں چک نمبر122 پنڈوریاں کا نوجوان اشفاق راجپوت موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کے 2 ساتھی شدید زخمی ہو گئے، ڈرائیور گاڑی بھگا کر فرار ہو گیا۔ موٹر سائیکل پر اپنے گائوں جارہا تھا کہ راستے میں چیلیکی موڑ کے قریب حادثہ پیش آ گیا۔ واربرٹن، فیروزوٹواں روڈ پر رات کو دھند کے باعث چاندی کوٹ کے قریب دو رکشوں میں  تصادم کے نتیجہ میں 4 بہنوں کا اکلوتا بھائی حسنین عارف جس کی چند روز بعد شادی تھی موقع پر جاں بحق جبکہ پانچ افراد کو شدید زخمی حالت میں شیخوپورہ ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ایک اور زخمی دم توڑ گیا جبکہ دیگر زخمیوں میں رضوان، نازش وغیرہ کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن