• news

رحیم یار خان: پراسرار بیماری سے بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق


احسان پور (نمائدہ نوائے وقت ) رحیم یار خان کے قریب گائوں میں لغاری قبیلے کے 12 افراد پراسرار بیماری سے ہلاک ہو گئے۔ ڈاکٹرز کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ بیماری دماغ کی سوزش ہو سکتی ہے۔ یہ واقعہ رحیم یارخان سے 50 کلومیٹر دور تاج پر پیر والا میں لغاری بستی میں پیش آیا۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسان خان نے اموات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔
جسے آج جاری کر دیا جائے گا۔ دوسری جانب متاثرین کے رشتے دار کمال خان لغاری نے بتایا کہ پہلی بار لغاری قبیلے میں ’’نامعلوم بیماری‘‘ تقریباً 14 دن پہلے رپورٹ ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ 9 سالہ سلمیٰ بی بی اور 10 سالہ عمیرہ کو ہلکا بخار ہو گیا تھا۔ بعدازاں شدید درد اور پسینے کے ساتھ بخار میں اضافہ ہو گیا تھا۔ کمال خان لغاری نے کہا کہ مریضوں کو فوری طورپر قریبی طبی مرکز منتقل کیا گیا جہاں 2 دن بعد ان کا انتقال ہو گیا۔ 7 سالہ محمد آصف پیر کی رات اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ شیخ زید میڈیکل کالج ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم لغاری نے کمیٹی تشکیل دی ہے جو معاملے کی تحقیقات کرکے 7 دن میں رپورٹ پیش کرے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ ابتدائی تحقیقات سے ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرین شدید وائرل میننجوئنسفلائٹس  (Meningoencephalitis) کے عارضے میں مبتلا تھے‘ لیکن حتمی فیصلے پر تحقیقات کے بعد ہی پہنچ سکتے ہیں۔ میننجوئنسفلائٹس  دماغ کی ایک سوزش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن