آرمی چیف پہلے دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے وزیر دفاع سے ملاقات
اسلام آباد+ ریاض (خبر نگار خصوصی‘ امیر محمد خان سے‘ نوائے وقت رپورٹ) سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ریاض میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی ملاقات ہوئی۔ سعودی وزیر دفاع نے جنرل عاصم منیر کو پاکستانی فوج کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی۔ آرمی چیف بننے کے بعد جنرل عاصم منیر کا یہ پہلا غیرملکی دورہ ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کے دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی اور پائیداری پر زور دیا۔ فوجی اور دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سعودی وزیر دفاع اور پاکستان کے سپہ سالار نے اہم ترین علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی بات چیت کی۔ اس موقع پر سعودی عرب کی فوج کے سربراہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے آرمی چیف جنرل عاصم منیر 4 سے 10 جنوری تک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے سرکاری دورے پر ہیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر دونوں برادر ممالک کی اعلیٰ قیادت سے ملاقات کریں گے۔ ملاقات میں پاکستان کے سفیر امیر خرم راٹھور اور چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد عرفان اور ملٹری اتاشی بریگیڈئر محمد عاصم شریک تھے۔ ملاقات میں سعودی اعلیٰ حکام بھی موجود رہے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیرکی سعودی افواج کے چیف آف سٹاف جنرل فیاض الرویلی سے بھی ملاقات ہوئی۔ سعودی وزارت دفاع کے مطابق پاک سعودی آرمی چیفس نے دفاعی،عسکری شعبوں میں پاک سعودیہ تعلقات کا جائزہ اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سعودی بری افواج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فہدا لمطیر سے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آرمی چیف کا عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ جنرل عاصم منیر کا پہلا سرکاری بین الاقوامی دورہ ہے۔ سعودی خبر ایجنسی کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے دارالحکومت ریاض میں ملاقات کی۔ دونوں ممالک کے مابین عسکری و دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ سعودی وزیردفاع نے جنرل سید عاصم منیر کو آرمی چیف بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آرمی چیف