وزیراعظم عوام کے تعاون سے ملک کو مشکلات کے بھنور سے نکالیں گے: خرم دستگیر
گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا ہے کہ و فاقی حکومت معاشی بحران پر قابو پانے کے لئے سخت محنت کر ر ہی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف عوام کے تعاون سے ملک کو مشکلات کے بھنور سے ضرور نکال لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ ن کے ڈویژنل سینئر نائب صدر حاجی عبدالرف مغل ایم پی اے کے ہمراہ ایک نجی تقریب میں شہریوں اور پارٹی کارکنوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی اور غیر سنجیدگی کی سزا پوری قوم بھگت رہی ہے۔ موجودہ حکومت کو ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کے بعد اس کے شدیدترین اثرات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس موقع پر حاجی عبدالرف مغل ایم پی اے نے کہا کہ قومی معاملات میں غیر سنجیدگی تحریک انصاف کا وطیرہ ہے ملک کو نادہندہ دیکھنا چیئر مین پی ٹی آئی کا خواب بن چکا ہے جو کبھی پورا نہیں ہو گا۔ توانائی پالیسی پر عمل ہوجائے تو ملکی معیشت پر بھاری بوجھ کم ہو سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کو موجودہ معاشی بحران سے دوچار کرنے کی ذمہ دار تحریک انصاف کی سابقہ حکومت ہے جس نے آئی ایم ایف پروگرام سے انحراف کر کے ملک کو معاشی دلدل میں دھکیلا اور اب قومی مفاد کے فیصلوں بارے بھی محاذ آرائی کا رویہ اختیار کر کے ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔