سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف اضلاع سے 12 مشتبہ افراد گرفتار کر لئے
لاہور (نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے صوبہ بھر میں گزشتہ24گھنٹوں کے دوران کارروائیاں کر کے 12 مشتبہ افرادکو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئی جی پولیس کی خصوصی ہدایت پر سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع کے 40 مقامات پر39انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیے، جس میں 2417 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ‘ 677 افرادکی بائیومیٹرک تصدیق کی گئی اور 12 مشتبہ افراد کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے اسلحہ‘ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیا۔ گرفتار مشتبہ افراد کے قبضے سے30بور کا ایک پستول اور دیگر دھماکہ خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔ گرفتار مشتبہ افراد نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات، دہشتگردانہ کارروائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ سی ٹی ڈی پنجاب نے مشتبہ افراد کے خلاف لاہور‘ اوکاڑہ‘ پھالیہ منڈی بہاؤالدین‘ نشاط آباد فیصل آباد اور چوک اعظم لیہ میں مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔