معذوروں کو سہولتیں کیس، سیکرٹری قانون ہائیکورٹ پیش نہ ہوئے، 18جنوری کو پھر طلب
لاہور (سپیشل رپورٹر ) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں معذور افراد کے لیے سہولیات کی فراہمی اور قانون پر عملدرآمد کی درخواست پر سماعت پر سیکرٹری قانون کو پھر طلب کر لیا۔ جسٹس جواد حسن نے اظہر صدیق کی درخواست پر سماعت کی، عدالتی حکم کے باوجود صوبائی سیکرٹری قانون پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ سیکرٹری کو بلانے کا مقصد انکی تعریف کرنا تھی کہ آپ کی ٹیم نے بہت بڑا کام کیا ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر صوبائی سیکرٹری قانون کو دوبارہ طلب کرتے ہویے کارروائی 18جنوری تک ملتوی کر دی۔ معذوروں کو سہولیات کی فراہمی اور قانون پر عملدرآمد کے لیے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر معذور افراد کے حقوق کے تحفظ کا قانون منظورہوگیا لیکن عمل درآمد نہیں ہو رہا ہے۔ قانون میں معذور افراد کا سرکاری نوکریوں میں تین فیصد کوٹہ مختص ہے لیکن اسے نظرانداز کیا جا رہا ہے۔