• news

پاکستان کشمیریوں کوحق خودارادیت ملنے تک چین سے نہیں بیٹھے گا، منیر اکرم  


اقوام متحدہ(این این آئی)اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گا جب تک کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق استصواب رائے کے ذریعے ان کا ناقابل تنسیخ حق ، حق خودارادیت حاصل نہیں ہوجاتا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق منیر اکرم نے ’’ یوم حق خود ارادیت‘‘ کے موقع نیویارک میں جاری ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کیساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوںنے کہا کہ 5جنوری 1949کا دن کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ اس دن اقوام متحدہ کے کمیشن برائے بھارت اور پاکستان ( یو این سی آئی پی)کے درمیان قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی جس میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی رائے شماری کے ذریعے کشمیریوں کو اپنے مستقبل کافیصلہ خود کرنے کا موقع دینے کے حق کو تسلیم کیاگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 5جنوری 1949کو منظور کی گئی قرارداد تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل کی بنیاد فراہم کرتی ہے۔منیر اکرم نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 جنوری 1949 کو کیے گئے اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹتے ہوئے اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں کی اور وہ گزشتہ 7دہائیوں سے جان بوجھ کر بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے۔

ای پیپر-دی نیشن