پرویز الٰہی کی حکومت پر تحفظات، عمران کے پاس جاکر استعفیٰ دے سکتے ہیں: مجلس وحدت مسلمین
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ راجا ناصر عباس جعفری نے ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے رہنمائوں کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس میں پنجاب حکومت کی موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے تحفظات چوہدری پرویز الٰہی کی طرز حکومت پر ہیں۔ ابھی تو کمزور حیثیت میں پرویز الٰہی یہ سب کچھ کر رہے ہیں اگر پاورفل ہو جاتے ہیں تو پھر کیا ہوگا۔ ہم عمران خان کے پاس جا کر استعفیٰ تو دے سکتے ہیں لیکن کسی کا پریشر ڈالنا برداشت نہیں کریں گے اور نہ ہی ہمیں کوئی دبائو میں لانے کا سوچے۔ انہوں نے کہا کہ بلتستان کے عوام کا سب سے بڑا مطالبہ ہے کہ پہلے نمائندگی دی جائے پھر ٹیکسز ادا کریں گے۔ فیڈرل گورنمنٹ نے بیس ارب کے فنڈز روک رکھے ہیں اور عوام کو اشتعال دلاکر اس طرف لے جایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چھ دنوں سے منفی درجہ حرارت میں احتجاجی دھرنا جاری رکھے ہوئے ہیں۔ عوام سات دہائیوں سے چیخ رہے ہیں کہ ہمیں پاکستان کا آئینی حصہ بنایا جائے۔ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گلگت بلتستان کے معاملات اور حالات دیکھ رہے ہیں جلد فیصلہ کریں گے۔