• news

دھند جاری، ٹریفک اور ٹرین حادثات میں 2 افراد جاں بحق، 23 زخمی 


 فیروز والہ؍ نوشہرہ ورکاں؍ اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار+ سروے رپورٹ) شدید دھند جاری ہے۔ سردی میں مزید اضافہ ہو گیا۔ جڑانوالہ کے نواحی گاؤں چک نمبر 107 گ ب چوہدری والا کے قریب دھند میں بے قابو موٹر سائیکل  گرنے سے 32 سالہ نوجوان فیضان علی جان کی بازی ہار گیا۔ چنیوٹ میں شدید دھند میں ٹریفک حادثات میں دو خواتین سمیت  14 افراد زخمی ہو گئے۔ ٹریفک جام ہونے سے مسافروں کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔ شدید دھند اور سردی کے باعث چنیوٹ آنے جانے والی ٹرینیں کئی کئی گھنٹے تاخیر سے پہنچ رہی ہیں۔ ہارون آباد و نواحی علاقوں میں شدید دھند سے نظام زندگی مفلوج ہو گیا۔ سرگودھا شہر اور گردونواح سمیت ریجن بھر میں دوسرے روز بھی شدید دھند کا راج رہا اور شدت سردی کے ساتھ حد نگاہ صفر ہوکر رہ گیا۔ شدید دھند کے باعث بھلے ڈسنوال (فیروز والا) کے قریب ٹرین کی زد میں آکر نوجوان محنت کش جاں بحق ہو گیا۔ پٹھان کالونی کا رہائشی خرم شہزاد 24 سالہ ریلوے لائن کراس کر رہا تھا کہ راولپنڈی سے لاہور آنے والی ٹرین کی زد میں آ گیا۔ فیروز  والہ پولیس نے رپورٹ درج کر لی۔ پولیس نے متوفی کی نعش کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ نوشہرہ ورکاں میں 6 مختلف حادثات میں سرمد، اظہر، حاجراں بی بی اور شہزاد سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو ریسکیو 1122 نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال منتقل کیا جہاں سے زخمی شہزاد اور حاجراں بی بی کو تشویشناک حالت کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال گوجرانوالہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک وارڈن رانا بشارت علی نے کہا ہے کہ دھند میں غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں۔ انتہائی مجبوری ہو تو فوگ لائٹس استعمال کریں۔ دریں اثناء ٹھڈا بھٹیاں کے قریب موٹروے پر تیز رفتار کار جالیوں سے ٹکرا کر نیچے جا گری جس کے نتیجہ میں پانچ افراد  محمد اشفاق،  قیصرہ اشفاق، عبدالرحمن، عبداللہ عیشا زخمی ہوئے، جنہیں ریسکیو کے عملہ نے ہسپتال منتقل کر دیا۔ملک بھر میں خشک سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ دھند کے باعث متعدد جگہوں سے موٹر ویز بند کر دی گئی۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت منفی ڈگری سینٹی گریڈ تک چلا گیا، متعدد علاقوں میں برف باری نے موسم مزید یخ کردیا۔ آمدورفت، ٹرانسپورٹ میں مشکلات کے باعث کئی علاقوں میں لوگ غذائی قلت کا شکار ہو گئے۔ شہریوں نے نوائے وقت سروے میں کہا کہ حکومت انتظامات کرنے میں ناکام ہوگئی، تمام حکومتی مشینری سیاسی عناصر سیاسی جوڑ توڑ میں لگے ہوئے ہیں۔ عوامی مسائل کی طرف توجہ نہیں دی جا رہی۔ شہری واحد عباسی نے کہا کہ سردی گرمی موسمی شدت ہر ملک میں ہوتی ہے مگر وہاں کی حکومتیں اس کا بندوبست کرتی ہیں۔ طارق خان نے کہا کہ ملک میں بجلی، گیس مہنگی ہے جبکہ سیزن میں اس کی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی جاتی ہے۔ تنویر، خالد، طلحہ نے کہا کہ معیشت کا برا حال ہے۔ ڈیفالٹ کی باتیں کی جا رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری گلیات اور گردونواح میں موسم شدید سرد رہے گا۔ جمعرات کو لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور ہوا میں نمی کا تناسب 100 فیصد رہا ۔آج جمعہ کو لاہور کا درجہ حرارت 4 سے 6 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

ای پیپر-دی نیشن