• news

بحران شدید ، چکی آٹا 150 ،برائلر گوشت 570 روپے کلو ہوگیا 

لاہور، اسلام آباد، نارووال (این این آئی+ نمائندہ خصوصی+ آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) خریداری کے رجحان میں کمی کے باوجود برائلر گوشت کی قیمتوں میں کمی نہ آ سکی۔ شہر میں پرچون سطح پر فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 36روپے اضافے سے 570روپے، زندہ برائلر مرغی کی قیمت 24روپے اضافے سے 380روپے فی کلو جبکہ فارمی انڈوں کی قیمت 3روپے اضافے سے 277روپے فی درجن کی سطح پر رہی۔  قیمتوں میں اضافے اور خریداری کے رجحان میں کمی کی وجہ سے دکانداروں میں بھی پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ متعدد مقامات پر دکانداروں نے خریداری روک دی ہے اور قلت کی وجہ سے قیمت 600روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے ۔ نارووال سے نمائندے کے مطابق فی کلو برائلر گوشت کی قیمت 583 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق  آٹے کا بحران شدت اختیار کرگیا۔ چکی مالکان نے بھی  آٹے کی نئی قیمت میں 5  روپے فی کلو اضافہ کر دیا۔ چکی آٹے کی قیمت 5روپے اضافے  کے ساتھ 150روپے کلو  تک پہنچ گئی۔ اعلامیہ جاری کیا گیا۔ چکی مالکان  کا کہنا تھاکہ گندم مہنگی ہونے کی وجہ سے آٹے کی قیمت بڑھا رہے  ہیں۔ جبکہ دوسری جانب  سستا آٹا نایاب ہو گیا۔  15کلو آٹے کا تھیلا 150روپے اضافے سے 2050روپے کا ہو گیا ہے۔ اسلام آباد  سے نمائندہ خصوصی کے مطابق  اسلام آباد میں آٹے کا ریٹ 150روپے کلو سے تجاوز کر گیا ہے۔ چند روز میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 30سے 35روپے کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں تنور پر  نان روٹی کا ریٹ 25روپے  ہو گیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن