• news

سنسنی خیز مقابلہ ، سرفراز کی سنچری ، پاکستان کراچی ٹیسٹ ڈرا کرنے میں کامیاب 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ سنسنی خیز مقابلہ کے بعد ڈراہوگیا۔میچ کے آخری دن نیوزی لینڈکے 319 رنز کے تعاقب میں پاکستان نے دوسری اننگز میں 9 وکٹ پر 304 رنزبنائے، پاکستان کو جیت کیلئے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی تاہم اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا۔ 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز بھی بے نتیجہ ختم ہوگئی۔میچ کے آخر ی دن تیسری وکٹ امام الحق کی گری جو آگے بڑھ کر شارٹ کھیلنے کی کوشش میںبولڈ ہوئے، انہوں نے 12 رنز بنائے۔ چوتھی وکٹ 77 رنز پر گری جب بابر اعظم 27 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے ۔ شان مسعود بھی آگے بڑھ کر لمبی ہٹ لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہو گئے، انہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔سرفراز احمد اورسعود شکیل نے چھٹی وکٹ پر 132 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم سعود شکیل 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سرفراز اورآغا سلمان کے درمیان بھی 70 رنز کی شراکت ہوئی لیکن آغا سلمان 30 رنز پر ہنری کا شکار بنے جبکہ حسن علی بھی 5 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔سرفراز احمد نے شاندار سنچری بنائی اور 118 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا لیکن نسیم شاہ اور ابرار نے کیویز بائولر کا ڈٹ کر سامنا کیا۔پاکستان کو جیت کیلئے 15 رنز اور نیوزی لینڈ کو ایک وکٹ درکار تھی،آخری اننگز کے 3 اوورز قبل ہی امپائر نے کم روشنی کے باعث میچ ختم کردیا اور یوں دوسرا ٹیسٹ بھی ڈرا ہوگیا اور 2 میچز کی سیریز بھی نے نتیجہ ختم ہوگئی۔بریسویل نے 4، ایش سوڈھی اور ساؤتھی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ سرفراز احمد کو پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز 277 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کیلئے 319 رنز کا ہدف دیا تھا۔دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور صرف 2.5 اوورز میں بغیر کسی رن کے دو کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 449 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 408 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز 9جنوری سے شروع ہوگی ۔ 

ای پیپر-دی نیشن