• news

شہباز نے زندگی بھر جھوٹ بولے ، عمران سچا، کھرا ان کیخلاف بات کا جواب میں دیتا ہوں : پرویز الہی 

لاہور؍ گجرات (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان سچا اور کھرا آدمی ہے۔ وہ نہ ڈرنے والے ہیں، نہ جھکنے والے ہیں، کام کرنے والے ہیں۔ عمران خان کے خلاف جہاں غلط بات ہوتی ہے، میں جواب دیتا ہوں۔ عمران خان کہتے ہیں گھبرانا نہیں، محنت آپ نے کرنی ہے، نتیجہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑ دیں۔ یونیورسٹی آف گجرات کے 7ویں کانووکیشن  سے  خطاب  میں  پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف نے زندگی بھر میں جتنے جھوٹ بولے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں، جھوٹ بولنے پر شہباز شریف کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہے تاہم شریفوں نے اسے چھپایا ہوا ہے۔ شہباز شریف نے برسراقتدار آکر چودھری پرویزالٰہی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی وزیرآباد  پر کام بند کرایا۔ سمجھ نہیں آتی کہ یہ لوگ ایسے کام کیوں کرتے ہیں۔ شہبازشریف حکومت میں آکر بری طرح ایکسپوز ہوگیا ہے۔ یہ لوگ مہنگائی کا طوفان اپنے ساتھ لائے ہیں۔ یہ لوگ آتے ہیں اور ڈالر ساتھ لیکر باہر چلے جاتے ہیں اور واپس اسحاق ڈالر لاتے ہیں۔ حکمران بے ایمان ہوں تو برکت اٹھ جاتی ہے۔ عمران خان گھر بیٹھ کر بھی کام ہی کررہے ہیں۔ عمران خان کی قیادت میں سمت کا تعین کر کے مستقبل کی طرف گامزن ہیں۔ عمران  نے ہیلتھ کارڈ کے ذریعے صحت کے شعبے میں انقلاب برپا کیا۔ عمران  کے سامنے میں اپنی بات کہہ دیتا ہوں جو اکثر ٹھیک نکلتی ہے۔ عمران خان کی قیادت میں ہم نے قوم بنانے کی سمت طے کردی ہے۔ تجربے کا اپنا راستہ ہوتا ہے جو اکثر صحیح ہوتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہماری نیت نیک اور سمت درست ہے۔ نیت نیک ہو تو اللہ تعالیٰ بھی مدد کرتے ہیں۔ ن لیگ والوں نے پراپیگنڈا کیا کہ یہ پیسے کہاں سے لائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہمارے پاس بہت پیسے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بھی احساس پروگرام کو استعمال کررہے ہیں۔ 2بچوں کے خاندان کو ماہانہ امداد دیں گے۔ بچوں کو تعلیم اور کتابیں مفت دے رہے ہیں، جنوبی پنجاب میں بچیوں کا وظیفہ 100فیصد بڑھا دیا۔ سکولوں اور کالجوں میں ناظرہ اور ترجمہ قرآن لازمی کردیا گیا ہے۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ کوئی غلط کام نہیں کررہے، کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔ نئی جنریشن کی بنیاد دین پر رکھ رہے ہیں۔ دین کے حوالے سے کام کئے ہیں، ختم  نبوت کے معاملے پر تاریخی کام ہوا۔ عام آدمی کو تعلیم، صحت اور علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کا مقصد فلاحی مملکت کے ٹارگٹ کا حصول ہے۔ گجرات ضلع نہیں ڈویژن ہے، ہر لحاظ سے سنٹر آف ایکسیلینس بنائیں گے۔ کسی کو علاج یا تعلیم کے لئے باہر جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ ڈاکٹر بھی باہر سے لائیں گے۔ گجرات میں 700بیڈ کا چلڈرن ہسپتال بنائیں گے۔ کینسر کے علاج کے لئے سائبر نائف سے بہتر سرجری کے آلات لائیں گے۔ گجرات انڈسٹریل اسٹیٹ ون ونڈو آپریشن کے تحت 6ماہ تک شروع ہوجائے گی۔ منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی ترقیاتی منصوبے شروع کئے ہیں۔ گجرات یونیورسٹی میں 62فیصد طالبات ویمن ایمپاورمنٹ کی بہترین مثال ہے۔ گجرات میں یونیورسٹی بننے سے ماحول بدل گیا، پڑھے لکھے بچوں نے لڑائی کا کلچر ختم کردیا۔ خوشی ہے کہ گجرات یونیورسٹی کی صورت میں جو پودا لگایا آج اس تن آور درخت کی چھاؤں سب بیٹھے ہیں۔ دعائیں رنگ لائیں اور اللہ تعالیٰ نے دوبارہ خدمت کا موقع دیا۔ حالات پیچیدہ نہیں پیچ دار تھے، اللہ تعالیٰ نے موقع دیا۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیاکہ 9 ارب روپے کی لاگت سے سٹیٹ آف دی آرٹ انجینئرنگ یونیورسٹی بنے گی۔ یونیورسٹی آف گجرات کیلئے 42 کروڑ روپے کی لاگت سے گرلز  ہاسٹل بنائیں گے۔ گجرات یونیورسٹی کو 8 نئی بسوں کیلئے 15 کروڑ روپے بھی دیں گے۔ علاوہ ازیں پرویز الٰہی وزیر آباد میں صوبائی مشیر خالد محمود چیمہ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بھائی افتخار احمد چیمہ کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن