• news

وانا ، بڑھتی دہشتگردی کیخلاف ہزاروں افراد کا احتجاج ، امن بحال کرنے کے مطالبات 

وانا (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی کے کے ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف ہزاروں شہریوں نے احتجاج کیا اور امن کی بحالی کا مطالبہ کیا۔ وانا میں آج ہونے والے امن مارچ میں زندگی کے مختلف شعبوں بشمول سیاسی اور سماجی کارکنان، تاجروں اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی جنہوں نے سفید جھنڈے اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے۔ بالخصوص قبائلی اضلاع میں امن کی بحالی کی حمایت اور دہشتگردی کی بڑھتی ہوئی لہر کے خلاف نعرے لگائے۔ جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں اس وقت یہ احتجاج ہو رہا ہے جب ملک بھر بالخصوص خیبر پی کے اور بلوچستان میں ایک بھر دہشت گردی سر اٹھا رہی ہے۔ سیاسی رہنماؤں نے کہا کہ وانا میں سکیورٹی اہلکاروں پر حملوں کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عام شہریوں کو بھتہ خوری کیلئے اغواء کیا جا رہا ہے۔ دریں اثناء  شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے قانون ساز محسن داوڑ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ وانا کے لوگوں نے خطے پر مسلط کی جانے والی نئی گریٹ گیم میں بندوق کا چارہ اور قربانی کے بکرے کے طور پر استعمال ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن