• news

تمام اضلاع کے ایم ای اوز میں 891 ٹیبلیٹس تقسیم کرینگے:صوبائی وزیر تعلیم


لاہور(سپیشل رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے بطور مہمان خصوصی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس میں ٹیبلیٹ تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب میںکہا کہ آج صوبے بھر کے تمام اضلاع کے ایم ای اوز میں 891 ٹیبلیٹس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ ایم ای ایز کو ٹیبلیٹ کی فراہمی کی بدولت صوبے بھر سے ڈیٹا کی بہتر ترسیل میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کے تمام ایم ای ایز کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں تاکہ وہ پوری محنت اور لگن سے اپنا کام کریں۔ مراد راس کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے بچوں کے بہتر مستقبل کیلئے ہمیں درست فیصلے لینے کی ضرورت ہے جو ٹھوس معلومات کی فراہمی کی بدولت ہی ممکن ہے۔ صوبائی وزیر مراد راس کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ چند سالوں میں ہم نے محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کیا جبکہ پاکستان کے دوسرے سب سے بڑے ادارے کو مکمل طور پر ڈیجیٹائیز کرنا کسی خواب سے کم نہیں تھا۔ ڈیجیٹائزیشن کیلئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان کے نظرئیے کے عین مطابق کام کیا۔ آج محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب میں ٹیکنالوجی کے مثبت اور جامع استعمال کی بدولت اساتذہ کی زندگی مکمل طور پر آسان ہو چکی۔

ای پیپر-دی نیشن