بلدیاتی ایکشن ہارنے پر بی جے پی غنڈہ گردی‘ ایوان اکھاڑا بن گیا
نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) دہلی بلدیاتی الیکشن میں شکست فاش کے بعد مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے پہلے اجلاس میں عام آدمی پارٹی کے میئر کے انتخاب کو غنڈہ گردی سے روکنے کی کوشش کی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دہلی میونسپل کا پہلا اجلاس ہنگامہ خیز ثابت ہوا۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے کونسلرز نے ہنگامہ آرائی کی اور عام آدمی کے کونسلرز پر کرسیاں برسائیں۔ اجلاس کے آ غاز پر ہی پندرہ سال میں پہلی بار دہلی کے بلدیاتی الیکشن میں شکست کی ہزیمت اٹھانے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے کونسلرز نے جارحیت کا مظاہرہ کیا۔ جواب میں عام آدمی پارٹی کے کونسلرز نے بھی شدید نعرے بازی کی اور بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔ ارکان نے ایک دوسرے کو دھکے دیئے اور گتھم گتھا ہو گئے۔ اس ہنگامہ آرائی کے باعث سپیکر نے میئر کے انتخاب کے بغیر ہی اجلاس معطل کرنے کا اعلان کردیا۔ اس طرح مودی سرکار اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب ہو گئی اور جوڑ توڑ کیلئے مزید کچھ وقت لے لیا۔