• news

کرا چی بلدیا تی انتخابات میں تا خیر نہیں ہو سکتی : چیف الیکشن کمشز


اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) کراچی بلدیاتی انتخابات میں ووٹر لسٹوںپر اعتراضات سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے کہا ہے کہ الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اور کراچی کے بلدیاتی الیکشن میں تاخیر نہیں ہوسکتی۔ تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی سربراہی میں کراچی، حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق دوہری الیکٹورل فہرستوں کے معاملے پر ایم کیو ایم کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے ایم کیو ایم کے وکیل سے کہا کہ آپ مختلف فورمز پرگئے لیکن پہلے کبھی یہ مسئلہ نہیں اٹھایا، آپ سپریم کورٹ، ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن میں گئے لیکن یہ معاملہ پہلی بار اٹھایا ہے، کوئی اور بھی مسئلہ ہے تو وہ بھی آج ہی اٹھالیں تاکہ ہم اکٹھے سن لیں۔ آپ غلط بیان دے رہے ہیں کہ دوہرے الیکٹورل رولز استعمال ہورہے ہیں، ہم آپ کی بات کو مسترد کرتے ہیں کہ دوہرے الیکٹورل رولز پر الیکشن ہورہے ہیں، آپ سمجھتے ہیں کہ آپ الیکشن میں تاخیرکرالیں گے، آپ کے اب تک کے دلائل غیر متعلقہ ہیں۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ فوزی ظفر نے کہا کہ تیاری کیلئے وقت دے دیں۔ الیکشن کمیشن نے عدم تیاری پر سندھ حکومت کے دلائل کا حق ختم کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے زور دیا کہ بلدیاتی انتخابات کسی بھی قیمت پر تاخیر کا شکار نہیں ہونگے۔ جماعت اسلامی کے نمائندے نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ ہر ممکن کوشش ہو رہی ہے  بلدیاتی انتخابات ملتوی کیے جائیں، لیکن کمیشن کی جانب سے 15 جنوری کو ہر صورت بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔ سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفر اقبال نے موقف اختیار کیا کہ ہر گزرتے دن کیساتھ لوگ ووٹ کے اہل ہوتے ہیں، ایم کیو ایم کی بات مان لی تو الیکشن کبھی بھی نہیں ہوسکے گا، قانون کے مطابق الیکشن شیڈول جاری ہونے تک جو فہرست میں ہو وہی ووٹ ڈال سکتا ہے۔ ڈی جی لاء الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ وقت کیساتھ ساتھ ووٹر فہرستیں اپ ڈیٹ ہوتی رہتی ہیں، پریس ریلیز میں بھی واضح تھا کہ بلدیاتی الیکشن پرانی فہرست پر ہوگا، الیکشن شیڈول کبھی واپس نہیں لیا گیا تھا۔ دلائل سننے کے بعد ایم کیو ایم کی درخواست پر  الیکشن کمیشن کے تین رکنی بینچ نے  فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ای پیپر-دی نیشن