سندھ کابینہ نے پاسکو سے 3 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دیدی
کراچی(آئی این پی)سندھ کابینہ نے بلدیاتی کونسلز کے لیے مخصوص نشستوں کی منظوری دے دی،سندھ کابینہ کے مطابق یہ مخصوص نشستیں 6کیٹیگریز کے لیے ہیں، ان میں خواتین، نوجوان، مزدور، کسان، غیرمسلم، خصوصی افراد، مزدور اورٹرانسجینڈر شامل ہیں،اس کے علاوہ کابینہ نے تخفیف غذائیت پروگرام کا کنٹرول پی پی ایچ آئی کو دینے کی منظوری دی ہے، سندھ حکومت نے ایکسلریٹڈ ایکشن پلان کے تحت غذائی ایمرجنسی پروگرام 2016میں شروع کیا تھا،محکمہ صحت نے ایکسلریٹڈ ایکشن پلان کے عالمی بینک کے اہداف کو حاصل کیا ہے، اب غذائی قلت پروگرام کے یونٹ کو پی پی ایچ آئی چلائے گی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے سندھ کابینہ کے اجلاس میں 3 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی گئی۔وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، کابینہ نے پاکستان ایگری کلچر اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ (پاسکو) سے 3 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی منظوری دے دی۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ فروری سے گندم خریداری کی تیاری شروع کریں، صوبے کے لیے 3 لاکھ گندم کی خریداری کا ذخیرہ نئی فصل کی بوائی تک ہوگا، وقت پر گندم خریدنے سے ہی ہدف پورا کر پائیں گے۔اجلاس میں منشیات کی روک تھام سے متعلق ایجنڈے پر بھی بحث کی گئی، کابینہ نے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے ساتھ منشیات بحالی کے 4 مراکز چلانے کے معاہدے کی توثیق کردی۔اجلاس میں کابینہ نے کراچی کو منشیات سے پاک کرنے کے عزم کو دہرایا۔